23 مارچ 2013 - 19:30

کوئٹہ: فرنٹیر کور بلوچستان نے حب کے علاقے میں کامیاب سرچ آپریشن کے نتیجے میں تخریب کاری میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کی ایک بڑی مقدار برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ابنا: تفصیلات کے مطابق فرنٹیر کور بلوچستان نے خفیہ اطلاع ملنے کے بعد گزشتہ رات حب کے نزدیک ساکران روڈ کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے قبضے میں لے لیا بارودی مواد کے 1226بیگز برآمد کئے گئے جن میں تقریبا6ٹن سے زائد دھماکہ خیز مواد موجود ہے کارروائی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اندازہ ہے کہ یہ بارودی مواد تخریب کاری کی غرض سے اکٹھا کیا گیا تھا جس کو فرنٹیر کور بلوچستان نے بروقت کارروائی کرکے قبضے میں لیتے ہوئے ممکنہ دہشت گردی کی کئی بڑی وارداتوں کو ناکام بنادیا ہے۔ دھماکہ خیز مواد کے بیگز پر موجود نشانات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ بیرونی ملک میں تیار شدہ ہے دھماکہ خیز مواد اور گرفتار ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جارہی ہے اوراسکے اصلی مالکان کے بارے میں تحقیقات کی جاری ہیں۔ انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور بلوچستان میجر جنرل عبیداللہ خان نے کارروائی میں حصہ لینے والے ایف سی اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ فرنٹیر کور بلوچستان پرامن عوام اور دیگر سیکورٹی اداروں کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کی حالت بہتر بنانے کیلئے شب وروز کوشاں ہے آئی جی ایف سی نے امن پسند شہریوں کا بھی سیکورٹی اداروں سے تعاون کرنے اور ان کے فرائض کی ادائیگی میں مدد کرنے پرشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ شرپسند اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی بلاخوف اورامتیاز جاری رہے گی اور بلوچستان میں امن کے قیام کو ہرممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔
.......
/169