ابنا: مجلس وحدت مسلمین گذشتہ تین سالوں سے ملت کی سربلندی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے، پوری شیعہ سنی قوم اس بات پر متفق ہے کہ مجلس وحدت مسلمین نے پاکستان اور مستضعفین کے لیے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ان تین سالوں میں چاہے کوئٹہ کا مسئلہ ہو، چاہے گلگت بلتستان کا مسئلہ ہو، چاہے پاراچنار اور مستونگ کا مسئلہ ہو مکتب اہلبیت (ع) کے فرزندوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر کوئی لیڈر شپ میدان میں آجائے تو قوم بھی پیچھے نہیں رہتی بلکہ لیڈر شپ سے آگے آگے ہوتی ہی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین شہیدی نے راولپنڈی میں ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام منعقدہ سیاسی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا امین شہیدی نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا مقصد قوم کو گروہوں اور پارٹیوں سے نکال کر ایک ملت عظیم بنانا ہے۔ ہماری شناخت کربلا، حضرت عباس (ع) کا علم مبارک، اور انسانیت سے محبت و اُلفت ہونی چاہیئے۔ ہمیں چاہیئے کہ تمام پارٹیوں کو چھوڑ کر مکتب کو مضبوط کیا جائے۔ یہ مکتب زندہ اور اہل حریت افراد کا ہے نہ کہ مردوں اور خائف لوگوں کا، یہ مکتب شہادتون کا مرکز ہے نہ کہ بُزدلوں اور کمزووں کا۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ملت طاقتور لوگوں کی ملت ہے کیونکہ اس کی بنیادیں مضبوط ہیں اس ملت کی بنیادوں میں شہداء کا عظیم لہو موجود ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد کی عوام کی ذمہ داریاں زیادہ ہیں کیوں کہ تمام جماعتوں کے مرکزی دفاتر اسلام آباد میں ہیں یہاں کے لوگ اس طرح پریشر ڈالیں کہ کوئی بھی جماعت آپ کے خلاف کوئی قانون یا بل اسمبلی نہ لا سکے۔ مجلس وحدت مسلمین میں شامل تمام ادارے ذاکر، ماتمی، نوحہ خواں، خواتین، نوجوان اور عزادار سب مل کر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں کیونکہ آپ لوگ ہی مجلس وحدت کا اصل چہرہ ہیں۔ ہمارا مقصد ملت جعفریہ کے تمام طبقات کو اکٹھا کرنا ہے۔
20 مارچ 2013 - 20:30
News ID: 401727
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری نے کہا یہ ملت طاقتور لوگوں کی ملت ہے کیونکہ اس کی بنیادیں مضبوط ہیں اس ملت کی بنیادوں میں شہداء کا عظیم لہو موجود ہے۔