ابنا: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نے آئندہ عام انتخابات کیلئے منشور کا اعلان کر دیا، روٹی، کپڑا اور مکان کے ساتھ دہشت گردی سے تحفظ، علم، صحت اور ملازمت کو بھی شامل کر لیا گیا، جبکہ مزدور کی کم سے کم اجرت 18 ہزار روپے کرنے اور آئینی عدالتوں کے قیام کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ روٹی کپڑا اور مکان، علم صحت سب کو کام، دہشت سے محفوظ عوام، اونچا ہو جمہور کا نام۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر مخدوم امین فہیم نے پارٹی کے اہم قائدین کے ساتھ اسلام آباد میں 5 سالہ پارٹی منشور کا اعلان کیا، جس کے اہم نکات کچھ یوں ہیں۔ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کا ماہانہ وظیفہ 2 ہزار روپے جبکہ تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کا 4.5 فیصد اور مزدور کی کم از کم اجرت 18 ہزار روپے کر دی جائے گی۔ ماں اور بچے کی صحت کا پروگرام، پولیو کا 2018ء تک مکمل خاتمہ، اقلیتوں کیلئے قومی کمیشن، خصوصی معاشی زون اور ویونگ سٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ پی پی منشور میں کہا گیا ہے کہ فاٹا کی خواتین کیلئے قومی اسمبلی میں 2 نشستیں مختص کریں گے جبکہ 50 لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانا بھی منشور کا حصہ ہوگا۔
حکومت میں آکر کراچی کیلئے این ایف سی ایوارڈ میں خصوصی گرانٹ، بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 4 فیصد سے کم اور موٹر ویز کی تعمیر کی جائے گی۔ نوجوانوں کیلئے ملازمتیں، کسانوں کیلئے قرضے اور ٹیوب ویلز کے فلیٹ ریٹ بھی پیپلزپارٹی کے انتخابی منشور میں شامل ہیں۔ مخدوم امین فہیم نے کہا کہ ہم اگلی مدت کے اختتام تک کوئلے، پانی، گیس اور متبادل انرجی سے 12 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے، مزدوروں کو صوبائی اسمبلیوں میں 4، صوبائی اسمبلیوں میں 2 نشستیں دی جائیں گی۔ پیپلز پارٹی کے منشور میں وعدہ کیا گیا ہے کہ صوبہ بہالپور جنوبی پنجاب کو حقیقت کا روپ دیا جائے گا، جبکہ کالعدم تنظیموں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، ججز اور گواہوں کو تحفظ دیا جائے گا اور انتہا پسندی و عدم برداشت کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی مہم چلائی جائے گی، مذاکرات انہی سے ہوں گے جو ملکی قوانین کو تسلیم کریں گے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے منشور میں کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک سے تعلقات اچھے رکھے جائیں گے، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی اور ملک کی فضائی یا زمینی حدود کی خلاف ورزی سمیت ڈرون حملوں کو ملک کی خودمختاری کے خلاف تصور کیا جائے گا۔
دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز نے روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم، صحت اور روزگار سب کیلئے کے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا، بہاولپور جنوبی پنجاب صوبے کیلئے عملی اقدامات کرنے اور کم از کم اجرت اٹھارہ ہزار روپے کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ منشور کا اعلان مخدوم امین فہیم نے کیا۔ ان کے ہمراہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ اور وزیر دفاع نوید قمر بھی موجود تھے۔ امین فہیم کا کہنا تھا کہ منشور کے مطابق پانی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں، ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت تجارت اور زرعی شعبے میں بہتری کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پچاس لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے، آبی وسائل کو ترقی دینے، سڑکوں کی تعمیر اور چھوٹے تجارتی اداروں کے لیے سہولتیں بھی منشور میں شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی نے خواتین، اقلیتوں، نوجوانوں اور مستحق افراد کو قومی دھارے میں لانے، تجارتی شعبے میں خواتین کو مراعات دینے اور دو ہزار اٹھارہ تک لازمی پرائمری تعلیم کو بھی منشور کا حصہ بنایا ہے۔ امین فہیم کا کہنا تھا کہ مستحق افراد کی بنیادی ضروریات سات نکاتی ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ صحت اور بہبود کیلئے خصوصی مراکز، دو ہزار اٹھارہ تک پولیو کا مکمل خاتمہ اور پولیو کے قطرے پلانے والوں کو سکیورٹی دینا بھی پیپلز پارٹی کے چارٹر میں شامل ہے، جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غربت کا خاتمہ بھی منشور کا حصہ ہے۔
.....
/169