13 مارچ 2013 - 20:30

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج، صوبوں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سمیت ہر مکتبہ فکر کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔

ابنا: وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ نے الوداعی اجلاس میں نئی سرمایہ کاری پالیسی کی منظوری دیدی، تاہم وزیر قانون کی مخالفت کے باوجود قطر سے براہ راست ایل این جی درآمد کرنے کے معاملے پر مذاکرات کرنے کی اجازت بھی دیدی گئی۔ کابینہ نے بچوں کے حقوق سے متعلق انسانی حقوق کمیشن کی تیار کردہ سفارشات کی بھی منظوری دیدی، سفارشات میں بچوں کو ورغلانے، جنسی تشدد اور فحش تصاویر بنانے پر 7سال قید کی سزا تجویز کی گئی ہے، 12 سال سے کم عمر بچوں پر فوجداری مقدمات کا اطلاق نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے کابینہ سے خطاب میں کہا کہ حکومت نے کئی مشکلات کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبوں پر نیک نیتی سے عمل کیا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت ہر مکتبہ فکر کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کراچی اور پشاور میں دہشتگردی کی مذمت کی اور بادامی باغ واقعہ پر مسیحی برادری سے بھرپور ہمدردی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ ایران میں بھی خوشحالی آئے گی۔

دیگر ذرائع کے مطابق، وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاروں کو تحفظ اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی پالیسی کی منظوری دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سرمایہ کاری پالیسی کی منظوری دی گئی، جس کے تحت سرمایہ کاروں کو تحفظ اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔ کابینہ نے قطر سے ایل این جی درآمد کرنے کیلئے بات چیت شروع کرنے کی بھی اجازت دیدی، جبکہ پوسٹل سروسز اتھارٹی کی سمری مسترد کر دی گئی۔

.....

/169