12 مارچ 2013 - 20:30

پاکستان کے مشیر پٹرولیم عاصم حسین نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود کسی بھی طرح ایران ،پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے کنارہ کشی نہیں کریں گے۔

ابنا: اسلام آباد سے رپورٹ کے مطابق عاصم حسین نے گذشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ دونوں ملکوں کے لئے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے اس منصوبے پر نظرثانی کے بیانات دینے والے پاکستان کے دوست نہیں ہو سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی مخالفت کرنے والے ملک دشمن ہیں۔ انہوں نے بتایا ایران، ترکی کو گیس جبکہ چین اور ہندوستان سمیت کئی ممالک کو تیل دے رہا ہے، معلوم نہیں اس منصوبے پر عالمی برادری اتنا شور کیوں مچا رہی ہے۔ پاکستان کے مشیر پٹرولیم عاصم حسین نے مزید کہا کہ ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے 4 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی،یہ منصوبہ ملکی تاریخ میں اہم سنگ میل ہے جس سے بلوچستان میں 10 ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا اور 3 ہزار لوگوں کو پائپ لائن کی مرمت کے لیے مستقل روزگار ملے گا جبکہ جی ڈی پی میں 5فیصد اضافہ ہوگا۔
ادھر پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے بھی کہا ہے کہ پاکستان کو توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے، ملکی ضروریات پورا کرنے کے لئے پاک ایران گیس منصوبہ انتہائی اہم ہے۔ اخبار نوائے وقت کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توقع ہے منصوبے سے پاکستان میں خوشحالی ہو گی، علاقائی تعاون آگے بڑھے گا، خطے میں ترقی ہو گی تو امن ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ  ہم اپنے لئے بھی امن چاہتے ہیں، دنیا کے لئے بھی امن چاہتے ہیں، یہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔
پاکستان کے وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے بھی توقع ظاہر کی ہے کہ ایران سے گیس درآمد کرنے کے منصوبے کے افتتاح کے بعد امریکہ پاکستان پر پابندیاں عائد نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ امید کرتا ہوں امریکہ پاکستان کی جمہوری حکومت کے معاہدے کو اچھی نظر سے دیکھے گا۔

.....

/169