7 مارچ 2013 - 20:30

رینجرز کو مزید اور بہتر انٹیلی جنس فراہم کی جائے گی۔ رینجرز انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن کرینگے۔ حکومت کے بلانے پر فوج امن کیلئے کردار ادا کریگی۔

ابنا: حکومت نے کراچی کی صورتحال کا ازسر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن کئے جائیں گے۔ حکومت کے بلانے پر فوج امن کیلئے کردار ادا کریگی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاتفریق آپریشن کیا جائے۔ نتائج نہ دینے والے افسروں کو گھر بھیج دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز کو مزید اور بہتر انٹیلی جنس فراہم کی جائے گی۔ رینجرز انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن کریں گے۔ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ نومبر سے لیکر اب تک رینجرز نے جن دہشت گردوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا انہیں کیوں چھوڑ دیا گیا۔ پکڑے جانے والے دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کو کن کن کی سفارشات پر چھوڑا گیا۔ حکومت کے بلانے پر فوج امن کیلئے کردار ادا کریگی۔ واضح رہے وزیر اعلٰی ہاؤس کراچی میں صدر آصف علی زرداری سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تکنیکی وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔ صدر زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کو فون کرکے سندھ حکومت کو امن و امان کے لیے درکار وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ تھا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاتفریق کارروائی جائے، جو افسران نتائج نہیں دے سکتے وہ گھروں کو چلے جائیں۔ اس سے قبل صدر زرداری سے وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر زرداری نے سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کو فلیٹس فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ صدر زرداری نے وزیراعلٰی ہاؤس میں تین منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔

.......

/169