7 مارچ 2013 - 20:30

پاکستان: سندھ کے گورنر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے

ابنا: ڈون نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق ٹارگٹڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، امن و امان سے متعلق اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقاصد کے حصول تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھیں اس سلسلے میں تمام تر حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات میں سب سے اہم کام ریسکیو کا ہوتا ہے اس لئے پولیس اور رینجرز کو آگے نہیں آنے دیا گیا۔ گورنر نے کہا کہ امن و امان سے متعلق اداروں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ مقاصد کے حصول تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ  آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھی کور کمانڈر ہاؤس میں شہر سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی ہے اور وزیراعلیٰ سندھ نے بھی اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ عباس ٹاؤن کا حادثہ انتہائی المناک ہے۔ سانحہ میں جو تباہی ہوئی ہے اس کے ازالے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے سانحہ میں ہلاک  ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ عشرت العباد نے کہا کہ ہم متاثرین کے دکھوں میں برابرکے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ میں متاثر ہونے والے افراد کیلئے 100 فلیٹوں کا انتظام کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرین کو عارضی طور پر رہائش فراہم کی جا سکے۔گورنر نے کہا کہ سانحہ میں متاثر ہونے والی عمارتوں کی تعمیر کا کام بھی فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا اور جو بھی انتظامات میں کمی رہ گئی ہے اسے پورا کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔گورنر سندھ نے عباس ٹاؤن میں دورہ کے دوران زخمی افراد سے ملاقات بھی کی۔ عباس ٹاؤن کے دورہ کے موقع پر انہوں نے علماء کرام سے بھی ملاقات کی اور سانحہ میں ہلاک ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲