24 فروری 2013 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا ہےکہ عالمی برادری کو ماسکو اجلاس میں ایران کی جامع تجاویزپرگروپ 1+5 کے منطقی جواب کا انتظار ہے۔

ابنا: تسنیم خبررساں کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری سعید جلیلی نے قزاقستان کے دارالحکومت آلماتی میں صدر نور سلطان نظر بایوف سے ملاقات میں کہا کہ عالمی برادری کو ماسکو اجلاس میں ایران کی جامع تجاویزپرگروپ 1+5 کے منطقی جواب کا انتظار ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کا خواہاں ہے اور ایٹمی ہتھیار رکھنے والے ممالک ایٹمی ہتھیاروں کے دباؤ میں ایرانی قوم کو پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کے استفادہ سے محروم نہیں کرسکتے ۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی قوم اپنے جائز اور مناسب حقوق سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹے گی۔ سعید جلیلی نے ایرانی قوم پر بے بنیاد دباؤ کوبعض ممالک کی غلط پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم این پی ٹی کے عالمی معاہدے کےتحت پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی سے استفادہ کررہی ہے اوربین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کی ایران کے ایٹمی پروگرام پر نگرانی بھی جاری ہے اورایسی واضح صورتحال میں ایران پر دباؤ بالکل غلط اور جابرانہ پالیسی کا حصہ ہے۔ جلیلی نے کہا کہ ایرانی قوم کسی  بھی جابر حکومت کے سامنے اپنے حقوق کا بھر پور دفاع کرےگی۔
اس ملاقات میں قزاقستان کے صدر نے عالم اسلام میں اتحاد اور باہمی تعاون پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ قزاقستان ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کی بھر پور حمایت کرتا ہے انھوں نے کہا کہ پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی سے استفادہ ہر ملک کا حق ہے اورایران کو اس حق سے کوئی محروم نہیں کرسکتا۔