19 فروری 2013 - 20:30

کوئٹہ – وحدت المسلمین کے رہنماء علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ دھرنا ختم کرنے کا اعلان شہداء کے لواحقین کو اعتماد میں لیکر کیا گیا تھا تاہم چند عناصر نے لوگوں کے جذبات سے کھیلتے ہوئے ماحول خراب کیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا

ابنا: انہوں نے کہا کہ منگل گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی کی قیادت میں وفاقی وزیر اطلاعات قمرالزمان کائرہ - مولابخش چانڈیو - ندیم افضل چن- صغریٰ امام اور دیگر ہم سے ملنے آئے تھے جس پر ہم نے انہیں مظاہرین کے مطالبات سے آگاہ کیا جس کے بعد قمرالزمان کائرہ نے ہمارے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے ان پر علمدرآمد کی یقین دہانی کرائی انہوں نے بتایا کہ 170 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 4 افراد کارروائی کے دوران مارے جاچکے ہیں کامیاب مذاکرات کے ہم نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا مگر دھرنے میں موجود چند سازشی عناصر نے شرارت کرتے ہوئے وہاں موجود نوجوانوں کو بھڑکایا جس کے باعث دھرنے کے شرکاء نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا تاہم ہمارے مذاکرات جاری ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ہم نے شہداء کے لواحقین کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلہ کیا ہے مذاکرات سے قبل ہم نے شہداء کے لواحقین سے بات کی تھی جس کے بعد ہی ہم نے مذاکرات کئے اور جو مطالبات رکھے گئے تھے ان پر حکومت کی جانب سے عملدرآمد کی یقین دہانی کے بعد ہی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔

.......

/169