18 فروری 2013 - 20:30

کوئٹہ ميں شيعہ مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف پورے پاکستان ميں مظاہرے جاري ہيں -

ابنا: کوئٹہ ميں دہشتگردي کے واقعے ميں زخمي ہونے والا ايک اور کم  سن بچہ زخموں کي تاب نہ لاتے ہوئے شہيد ہوگيا ہے اس طرح اس دلخراش سانحے ميں شہيد ہونے والوں کي تعداد ایک سو دس سے زیادہ ہوگئی ہے  اور زخمی ہونے والوں کی تعداد دو سو سے زائد بتا‎ئی جارہی ہے -
سانحہ کوئٹہ ميں شہيد ہونے والوں کے اہل خانہ نے شہر کے مختلف علاقوں ميں دھرنا دے رکھا ہے اور وہ شہر کو فوج کے حوالے کرنے اور اس سانحے ميں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف کاروائي کا مطالبہ کر رہے ہيں- علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاون ميں جاري دھرنے ميں بڑي تعداد ميں عورتيں، بچے اور ضعيف العمر افراد موجود ہيں-

پاکستان  کے ديگر مختلف شہروں ميں بھي سانحہ کوئٹہ کے خلاف عوامي دھرنے اور مظاہرے جاري ہيں اور لوگ دہشتگردوں کے آگے ملک کے سيکورٹي اداروں کو بے بسي پر نوحہ کناں ہيں- سانحہ کوئٹہ ميں معصوم اور بے گناہ لوگوں کي جانوں کے ضياع اور سيکورٹي اداروں کي ناکامي کے خلاف کراچي ميں ايک درجن سے زائد مقامات پر  لوگ دھرنا ديئے بيٹھے ہيں جن ميں بڑي تعداد ميں خواتين اور بچے بھي شامل ہيں-  ملير ميں عام شہريوں کي بہت بڑي تعداد نے احتجاج کرتے ہوئے ريلوے ٹريک بند کرديا ہے جس سے اندرون ملک جانے والي ٹرينوں کي آمد و رفت معطل ہوگئي ہے-

  کراچي ميں آج عام ہڑتال بھي کي جارہي ہے جس کي  اپيل شيعہ علما کونسل نے  کي تھي- شہر کي مختلف سياسي اور سماجي اور مذہبي تنظيموں نے بھي ہڑتال کي حمايت کا اعلان کيا ہے- شہر ميں دفاتر اور کاروباري مراکز بند پڑے ہيں اور ٹريفک بھي نہ ہونے کے برابر ہے-

ادھر لاھور ميں وکلا برداري نے بھي سانحہ کوئٹہ ميں شہيد ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار يکجہتي کے لئے آج ہڑتال کي  اور کوئي مقدمہ عدالت ميں نہيں پيش نہيں کيا- ہڑ تال کي اپيل پاکستان بار کونسل نے  کي تھي جس کي صوبائي بارکونسلوں نے بھي حمايت کي- پاکستان بار کونسل کے اعلان کے مطابق سانحہ کوئٹہ کے خلاف وکلا روزانہ ايک گھنٹے کي کام چھوڑ ہرتال کا سلسلہ جار رکھے گيں-

ادھر لندن ميں پاکستاني ہائي کميشن کے باہر پاکستانيوں کي بہت بڑي تعداد نے مظاہرہ کيا ہے اور سانحہ کوئٹہ ميں ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائي کا مطالبہ کيا ہے- اماميہ يوکے کے حاميوں کي بہت بڑي تعداد نے لندن ميں پاکستاني ہائي کمشين کے سامنے علامتي دھرنا بھي دے رکھا ہے - مظاہرے اور  دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررين نے کہا کہ پاکستان ميں دہشتگردي کي کاروائيوں ميں ملوث تنظيموں کے خلاف کاروائي کي جائے- اماميہ يوکے کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب تک سانحہ کوئٹہ ميں ملوث عناصر کے خلاف کاروئي اور اہل کوئٹہ کے مطالبات  منظور نہيں کيے جاتے وہ پاکستاني ہائي کميشن کے سامنے دھرنا جاري رکھيں گے-    
 درايں اثنا اقوام متحدہ کے سيکريٹري  جنرل باني کي مون نے کوئٹہ دھماکے کي مذمت کرتے ہوئے اس سانحے ميں شہيد ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزيت اور ہمدردي کا اظہار کيا ہے- بان کي مون نے کہا ہے کہ کوئٹہ ميں شيعہ ہزارہ برادري کے خلاف يہ دوسرا حملہ ہے- انہوں نے يہ بات زور ديکر کہي کہ دھماکے ميں ملوث عناصر  اور ذمہ داري قبول کرنے والي قوتوں کے خلاف کاروائي کي جانا چاہيے- اقوام متحدہ کے سيکريٹري جنرل نے مزيد کہا کہ دہشتگردي سے متاثر  افراد  اور اقليتوں کے تحفظ کے لئے پاکستان کي بھرپور مدد کي جائے گي-

     واضح رہے کہ بدنام زمانہ دہشتگرد تنظيم لشکر جھنگوي نے   کوئٹہ ميں حاليہ وحشيانہ دہشتگردانہ حملے کي ذمہ داري قبول کرلي ہے- لشکر جھنگوي کالعدم سپاہ صحابہ کي ذيلي تنطيم ہے جواب اہلسنت والجماعت کے نام سے سرگرم ہے جبکہ  اس کے  طالبان اور القاعدہ جيسي بين الاقوامي دہشتگرد تنظيموں سے بھي قريبي رابطے ہيں-

.......

/169