12 فروری 2013 - 20:30

ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا: امریکہ جانتا ہے کہ ہمارا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے لیکن وہ جان بوجھ کر ایران کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔

 ابنا: اسلام ٹائمز کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا: امریکہ جانتا ہے کہ ہمارا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے لیکن وہ جان بوجھ کر ایران کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ امریکہ نے خود ایٹم بم بنایا اور نیوکلیئر انرجی پر کام جاری رکھے ہوئے ہے، لیکن ایران کو اس حق سے محروم رکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے دنیا پر واضح کیا کہ ایران کا پرامن ایٹمی پروگرام جاری ہے اور جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے عراق، افغانستان اور فلسطین میں افواج بھیج کراس نے فاش غلطی کی۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل چاہتے ہیں، دونوں ملکوں کے عوام کی خواہش ہے کہ گیس پائپ لائن منصوبہ تکمیل تک پہنچے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین ایران کیخلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل ایران پر حملے کی غلطی نہیں کرسکتے۔ دونوں استعماری طاقتیں ایران کی قوت سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے طلباء اور اساتذہ کے تبادلے ہونے چاہیے، پاکستانی طلباء کو اسکالرشپ دیں گے اور وہ ایران میں تعلیم حاصل کرسکیں گے۔ ایک مزید سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی بھائی بھائی ہیں، دونوں مکاتب فکر کا آپس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو تفرقے کے بجائے متحد ہو کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔