ابنا نے رسا نیوز سے نقل کیا ہے کہ اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے : عام انتخابات وقت کی ضرورت ہیں، موجودہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی، کارکنان انتخابات کی بھر پور تیاری کریں۔انہوں نے دورہ پنجاب کے اختتام پر کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تاکید کی : عام انتخابات وقت کی ضرورت ہیں اور انہیں کسی صورت التواء یا تعطل کا شکار نہیں کرنا چاہیے، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے انتخابات میں حصہ لینے کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور انہیں اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔علامہ عارف حسین واحدی نے کہا : موجودہ حکمران عوام کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں کراچی سے خیبر، گلگت ، بلتستان، پارہ چنار سے کوئٹہ تک کسی بھی شخص کی جان محفوظ نہیں ہے، ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔اس موقع پر انہوں نے کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا : کارکنان عام انتخابات کی بھر پور تیاریاں کریں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے ایماندار اور حقیقی عوامی نمائندوں کا انتخاب کریں تا کہ ملک کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی و جمہوری ریاست بنایا جا سکے۔
12 فروری 2013 - 20:30
News ID: 390555
اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا ہے : عام انتخابات وقت کی ضرورت ہیں، موجودہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی، کارکنان انتخابات کی بھر پور تیاری کریں۔