ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے انقلاب اسلامی کی 34 ویں سالگرہ کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے پریس ریلیز میں تاکید کی : امام خمینی کی زیر قیادت سرزمین ایران پر رونما ہونے والا اسلامی انقلاب پوری دنیا میں غلبہ اسلام کا نقطہ آغاز ثابت ہوا ، آج استعماری قوتیں غلبہ اسلام سے خوفزدہ ہیں اور اسلامی انقلاب کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے ملت اسلامیہ کے خلاف سازشوں کے جال بن رہی ہیں لیکن وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گی ۔انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ انقلاب اسلامی کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ اس نے مذہب و مسلک کی قید سے بالا تر ہو کر انسانی ذہنوں کو بیدار کیا اور بالخصوص ملت اسلامیہ کو استعماری طاقتوں سے آزادی کے حصول کا راستہ دکھایا کہا: انقلاب کسی علاقہ، سرزمین، یا مذہب کے لیے مختص نہیں ہوتے اور نہ ہی ان کے اثرات کو روکا جا سکتا ہے ۔ حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے مزید کہا: فرانس، روس، چین یا دوسرے ممالک میں انقلاب آئے تو انہوں نے بھی باقی اقوام پر اپنے اثرات ڈالے، لیکن ایران میں آنے والے انقلاب اور باقی ممالک میں آنے والے انقلابات میں بنیادی فرق یہ ہے کہ ایران کا انقلاب "اسلامی" یعنی دین مبین اسلام کے بنیادی اصولوں پر قائم تھا جبکہ دوسرے ممالک میں آنے والے انقلابات خاص اقتصادی، یا معاشرتی نظریہ کی بنیاد پر تھے، کہ جنکا دین اسلام سے کوئی براہ راست رابطہ نہ تھا۔ انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ انقلاب اسلامی ایران نے جہاں پورے عالم اسلام پر اپنے اثرات مرتب کئے وہاں اس سے سرزمین پاکستان پر بھی مثبت تبدیلیاں رونما ہوئیں، اس خطے میں شہید علامہ عارف حسین حسینی اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے پاکستانی معاشرے کو انقلاب اسلامی کی حقیقت سے روشناس کرانے کے لئے کلیدی کردار ادا کیا اور ملت تشیع پاکستان کو آج بھی شہید حسینی کے وہ تاریخی کلمات اچھی طرح یاد ہیں تاکید کی : ہم ولایت فقیہ سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہیں ہیں اور پاکستانی سرزمین سے کسی کو بھی برادر اسلامی ملک ایران میں انقلاب کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ناصر عباس جعفری نے مزید کہا : امریکہ، اسرائیل اور سامراجی سازشوں کا راستہ روکنے کے لئے ملت اسلامیہ کے ہر فرد کو اسلامی انقلاب کا ساتھ دینا ہوگا، تاکہ شیطان بزرگ اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکے
11 فروری 2013 - 20:30
News ID: 390247
سرزمین پاکستان کے نامور شیعہ عالم دین حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے عالم اسلام کیخلاف سازشوں کو روکنے کے لئے ملت ایران کے اسلامی انقلاب کے ساتھ کھڑے ہوجانے دعوت دی