11 فروری 2013 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ قزاقستان کے دارالحکومت آلماتی میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مجوزہ مذاکرات کے دوران، ایران کے ایٹمی مسئلے کے بارے میں روس اور یورپی یونین کی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

ابنا: وزیرخارجہ علی اکبر صالحی نے روسی خبررساں ایجنسی کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے گذشتہ سال اعلان کیا کہ 2011 میں روسی وزیر خارجہ کی تجاویز کی بنیاد پر ایک 5 نکاتی منصوبہ تیار کیا ہے ۔روسی وزیر خارجہ کے منصوبے میں  ایران کی جانب سے ایٹمی ایجنسی سے تعاون میں توسیع کے بدلے، اقتصادی پابندیوں کے مرحلہ وار خاتمے کی تجویز پیش ہوئی تھی۔علی اکبر صالحی نے مزید کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے گذشتہ ماہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں تین مرحلوں پر مشتمل منصوبہ پیش ہوا اور آلماتی مذاکرات کے دوران فریقین ،روس اور یورپی یونین کے منصوبوں کے مشترکہ نکات کا جائزہ لیں گے ۔ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے آئندہ مذاکرات 26فروری کو قزاقستان کے دارالحکومت آلماتی میں منعقد ہونگے ۔ایران کے وزیر خارجہ کل پیر کو ماسکو پہنچے اور آج ایران اور روس کے تعاون کمیشن کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

.......

/169