ابنا: گزشتہ روز راولپنڈی میں ’’امت مصطفیٰ (ص) کی بیداری ‘‘کے عنوان سے ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سیکڑوں افراد اور علماء حضرات نے شرکت کی۔پاکستان کے علماء اور فضلاء نے اس کانفرنس میں شرکت کر کے ملک میں اتحاد قائم کرنے اور امریکہ اور اسرائیل کا مل کر مقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا۔کانفرنس میں مقررین حضرات نے کہا کہ دشمن نے مختلف انداز سے مسلمانوں کے دلوں کو داغدار کیا ہے کبھی قرآن کریم کو نذر آتش کر کے اور کبھی حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی شان میں گستاخی کر کے مسلمانوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچائی ہے۔علماء نے بیان کیا: اگر مسلمان آپس میں متحد ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان کے مقدسات کی توہین کرنے کی جرئت نہیں کر سکتی۔انہوں نے مزید کہا: وہ وقت آ پہنچا ہے کہ لوگ اپنے دشمنوں کو خود پہچانیں اور اپنی صفوں سے انہیں نکال باہر کریں۔انہوں نے تاکید کی: وہ لوگ جو شیعہ اور سنی کے درمیان تفرقہ ایجاد کرتے ہیں وہ جان لیں کہ ہم سب مسلمان ہیں اور ہم مسلمانوں کی پیشرفت اور ترقی کے لیے آپس میں متحد ہو کر رہیں گے۔اس کانفرنس میں شرکت کرنے والوں نے علماء سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد قائم کرنے کی کوشش کریں۔اس کانفرنس میں علامہ سید جواد حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا: ماضی میں امریکہ و اسرائیل شیعہ اور سنی کے درمیان اختلاف پیدا کر کے ان کے قتل کا سبب بنتے تھے اور آج بھی دشمن پاکستان میں شیعوں کا قتل عام کر کے اپنے مقاصد کو جاری رکھے ہوئے ہے۔علامہ نقوی نے مزید کہا: امریکہ اور اسرائیل نے پیغمبر اکرم (ص) کی شان میں گستاخی کی اور اب بھی وہ اس کام سے پیچھے نہیں ہٹ رہے ہیں ہم سب آج یہاں جمع ہوئے ہیں تاکہ آپس میں یہ عہد کریں کہ پیغمبر اکرم (ص) کا دفاع کرنے کے لیے آپس میں ایک ہو جائیں۔ اور اس راستے میں اپنی جانوں سے بھی گذر جائیں۔انہوں نے کہا وہ وقت آ گیا ہے کہ اسلامی ممالک امریکہ اور اسرائیل کا پٹھو بننا چھوڑ دیں ان سے قطع تعلق کریں۔ انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو بھی اپنی سیاست میں تجدید نظر کرنے کی تاکید کی۔





