ابنا: پاکستان کی وفاقی کابینہ نے پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے کی حتمی منظوری دے دی ، منصوبے کے لیے ایران پاکستان کو دو مرحلوں میں 500 ملین ڈالرز کا قرضہ بھی دے گا۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے وفاقی کابینہ نے ہر قسم کے بیرونی دباوٴ کو بھی مسترد کر دیا ہے۔ ایران سے ملنے والا 500 ملین ڈالر کا قرضہ ایران سے پاکستان تک گیس پائپ لائن کی تعمیر پر خرچ ہوگا۔ وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ گیس پائپ لائن کی تعمیر جنوری 2015 تک مکمل کر لی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے کو قومی مفاد کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی وفاقی کابینہ نے منصوبے پر متوقع پابندیوں کے پیش نظر چار اداروں کی مشاورتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ کمیٹی میں اسٹیٹ بنک ، وزارت خزانہ ، وزارت قانون اور پٹرولیم کی وزارتوں کے ارکان شامل ہوں گے۔ادھر ایران کے صدراحمدی نژاد نے بھی پاکستان کو گیس صادر کرنے کی منظوری دیکر امریکہ کی تمام ریشہ دوانیوں کو ناکام بنادیا ہے واضح رہے کہ امریکہ ، ایران و پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی مخالفت کررہاہے لیکن پاکستان اورایران نے امریکہ کے اس دباؤ کو اندرونی معاملات میں مادخلت قراردیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
.......
/169