17 جنوری 2013 - 20:30

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں متحدہ کے ایم پی اے منظر امام سمیت 12 افراد کو قتل کر دیا گیا / پہلے کالعدم لشکر جھنگوی نے اور بعدازاں تحریک طالبان نے منظر امام کے قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ تحریک طالبان کا کہنا ہے کہ اس نے متحدہ کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ابنا: متحدہ کے رکن اسمبلی کے قتل کے بعد شہر میں کشیدگی پھیل گئی۔ مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ کر کے کاروبار دکانیں اور پٹرول پمپس بند کرا دئیے، حیدرآباد میں مشتعل افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اورنگی ٹاون نشان حیدر چوک سیکٹر ساڑھے 11 میں 4 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے متحدہ کے رکن صوبائی اسمبلی منظر امام کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ سے منظر امام اور ایک گارڈ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو شدید زخمی محافظوں نے عباسی شہید ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ جاں بحق ہونے والے سکیورٹی گارڈ کے نام ساجد، عمران اور مراد بتائے جاتے ہیں۔ ہلاکت کے بعد مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے، کراچی کے مختلف علاقوں سرجانی ٹاون، اورنگی ٹاون، فیڈرل بی ایریا کے مختلف علاقے، گلستان جوہر، گلشن اقبال و دیگر علاقوں میں ہوائی فائرنگ کر کے کاروبار، دکانیں اور پٹرول پمپس بند کرا دئیے گئے۔ دوسری جانب آل کراچی تاجر اتحاد نے آج کراچی میں کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، ٹرانسپورٹروں نے بھی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ کشیدگی کے واقعات میں 5 گاڑیاں نذر آتش کر دی گئیں جبکہ متحدہ نے قتل پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ادھرکورنگی صنعتی ایریا بروکس چورنگی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار 22 سالہ نور فیاض اور 25 سالہ محمد حسن کو نامعلوم افراد نے گولیاں مارکر زخمی کر دیا، حسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ نور فیاض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دونوں مدرسہ جامعہ انوارالعلوم کورنگی کے طالب علم بتائے جاتے ہیں۔ فیروز آباد تھانے کی حدود نورانی کباب ہاوس کے قریب نامعلوم افراد نے 20 سالہ منیب کو گولی مارکر ہلاک کر دیا۔ پاکستان بازار تھانے کی حدود سیکٹر 14 اورنگی ٹاون میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 22 سالہ ذیشان زخمی ہو گیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ سچل تھانے کی حدود سکندر گوٹھ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے 27 سالہ ارشد کو گولیاں مارکر ہلاک کر دیا۔ دوسری جانب گلستان جوہر گبول بنگلوز سے 40 سالہ اعجاز دین کی تشدد زدہ نعش ملی۔ ادھر پاک کالونی تھانہ کی حدود میں ریکسر ندی سے بوری بند نعش برآمد ہوئی۔ پہلے کالعدم لشکر جھنگوی نے منظر امام کے قتل کی ذمہ داری قبول کی بعدازاں تحریک طالبان نے متحدہ کے ایم پی اے منظر امام کے قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ترجمان تحریک طالبان کا کہنا ہے کہ ہم نے منظر امام کو قتل کیا اور متحدہ کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ صدر زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز نے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی منظر امام کے قتل کی مذمت کی۔ صدر نے کہا کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ نوازشریف نے فون کر کے گورنر سندھ سے واقعہ پر اظہار افسوس کیا۔ اسفند یار ولی نے بھی گورنر کو فون کیا۔ شجاعت، پرویز الٰہی اور عمران نے بھی واقعہ کی مذمت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے منظر امام اور ان کے محافظوں کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور دہشت گردی کے و اقعے کو بزدلانہ کارروائی اور شہر کا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ اس سے قبل ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی رضا حیدر سمیت ایم کیو ایم کے سینکڑوں کارکنان اور ہمدردوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے کارکنان و عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے اس واقعے پرہر گز مشتعل نہ ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی منظر امام اور ان کے باڈی گارڈ کی دہشت گردی کے ذریعے ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے منظر امام کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی سید منظر امام کے قتل کی شدید مذمت کی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے منظر امام اور ان کے ساتھیوں کے بہیمانہ قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دہشت گردانہ اقدام پر عوام کو صبر اور حوصلے کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔ دریں اثناء صدر زرداری اور اسفندیار ولی نے الطاف حسین کو فون کر کے اظہار افسوس کیا۔ اسفندیار ولی نے الطاف حسین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس سانحے پر دکھ میں آپ کے ساتھ ہیں اور جتنے دن ایم کیو ایم سوگ منائے گی، اے این پی بھی اس کے ساتھ سوگ منائے گی اور اے این پی سندھ کے رہنما بھی تدفین میں شریک ہوں گے۔ اسفندیار ولی نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ہمارا مشترکہ دشمن ہے‘ اس کا مقابلہ نہ آپ اکیلے کر سکتے ہیں اور نہ ہم‘ جب تک ہم دہشت گردی کے خلاف مل کر مقابلہ نہیں کریں گے اس وقت تک ہم اس سے نجات حاصل نہیں کر سکیں گے، ہمیں مل کر لڑنا ہو گا۔ واضح رہے کہ متحدہ کے ایم پی اے منظرامام کی نمازجنازہ آج ادا کی جائیگی۔متحدہ قومی موومنٹ کےایم پی اے منظر امام کو کراچی میں گزشتہ روز تین محافظوں سمیت قتل کردیا گیا تھا۔ ان کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔ متحدہ کی یوم سوگ کی کال پرشہر کے بیشتر کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی گاڑیاں نہیں چلائی ہیں۔پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر ہوکا عالم ہے، دفاتر اور تعلیمی اداروں کو جانے والوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ کراچی کے تمام نجی سکولزمیں بھی آج چھٹی کردی گئی ہے۔ ایم کیوایم کی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ کارکن بازو پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کررہے ہیں۔ رابطہ کمیٹی کی جانب سے کارکنوں کو فاتحہ خوانی کرنے اور پرامن رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/110