16 جنوری 2013 - 20:30

ایران کے صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ اگر پاکستان امریکی دباﺅ میں نہ آئے تو اس کے تمام بحرانوں کا حل ہمارے پاس ہے، گیس منصوبے پر ہماری طرف سے کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے جبکہ پاکستان میں اس پر کام جاری ہے۔

ابنا: صدر احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ گیس منصوبے پر ہم نے اپنے منصوبے کا کام مکمل کرلیا ہے جبکہ پاکستان میں اس پر کام جاری ہے لیکن اس میں امریکہ روڑے اٹکانے کی کوشش کر رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان ایران اور افغانستان مل کر خطے میں امن و استحکام پیدا کر سکتے ہیں۔صدر نے کہا: ایرانی قوم ہر جارحیت کا بھرپور جواب دے گی، ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کا مسئلہ سیاسی مسئلہ بنا دیا گیا ہے اور امریکہ اس کی آڑ میں ایران کی ترقی کو روکنے کے بہانے تلاش کر رہا ہے۔انھوں نے کہا: ایران کی اٹیمی سرگرمیاں آئی اے ای اے کے زیر نگرانی انجام پا رہی ہیں۔صدر اسلامی جمہوریہ نے کہا: مشرق وسطی میں صہیونی ریاست کی پوزیشن کو ایران اور علاقے کے اقوام ہرگز تسلیم نہیں کریں گی۔صدر نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مغرب کی پابندیوں کا ملت ایران کی ترقی و پیش رفت پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ صدر نے آئی اے ای اے کے دوہرے رویہ پر تنقید کی اور کہا کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں آئی اے ای اے کے زیر نگرانی انجام پا رہی ہیں لیکن اس ایجنسی نے اب تک امریکہ کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں جس کے پاس سب سے زیادہ ایٹم بم ہیں ایک بھی رپورٹ پیش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کا ہمسایہ اور برادر ملک ہے اور ہم پاکستان سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں؛ پاکستان کو امریکی دباؤ میں نہیں آنا چاہئے ہم مل کر پاکستان کے بحران حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110