30 دسمبر 2012 - 20:30

بنگلہ دیش کی عدالت نے سعودی سفارتکار کو قتل کرنے کے الزام میں 5 افراد کو سزائے موت کا حکم سنا دیا۔

ابنا: اعلیٰ پولیس اہلکار نے کہا ہے کہ اتوار کو سنائی جانے والی سزا کے ملزموں پر دارالحکومت ڈھاکا میں سعودی سفارتکار کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ 45سالہ سعودی شہری خلاف العلی سعودی سفارتخانے میں شہری معاملات کا سربراہ تھا جس کو رواں سال مارچ میں ڈھاکا شہر کے علاقے گلشن میں واقع ان کے گھر کے باہر اس وقت فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا جب وہ رات کے وقت چہل قدمی کر رہا تھا۔فائرنگ سے زخمی سعودی سفارتکار کو فوری طورپر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 3 گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعدزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس کے ڈپٹی کمشنر انیس الرحمن نے بتایا کہ اتوار کو ڈھاکا میں اسپیڈی ٹرائل ٹریبونل نے پانچوں ملزمان کو سزائے موت سنائی۔ جج کی جانب سے سزائے موت کا فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر 4ملزمان عدالت میں موجود تھے جبکہ پانچواں ملزم مفرور ہے اور اسے اس کی غیر حاضری میں سزا سنائی گئی۔قبل ازیں پولیس نے سعودی سفارتکارکے قتل کو راہزنی کے نتیجے میں ہلاکت قرار دیتے ہوئے اس کے الزام میں 4مبینہ راہزنوں کو علاقے سے گرفتار کرلیا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔/110