28 دسمبر 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دہشتگرد گروہ (پی ، کے ، کے) کے حوالے سے ایران کی لاجسٹک سپورٹ کے بارے میں ترکی کے وزیر داخلہ کے دعوؤں کو مسترد کردیا ہے۔

ابنا: انقرا سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان جناب رامین مہمانپرست آج ترکی کے صوبے "ترابوزان" کے گورنر "رجب کیزیلجیک" کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ  دہشتگرد گروہ (پی ، کے ، کے) کے حوالے سے ایران کی لاجسٹک سپورٹ کے بارے میں ترکی کے وزیر داخلہ ادریس نعیم شاہین کے دعوے بے بنیاد ہیں کیونکہ اسلامی جمہوریہ ایران اس دہشتگرد گروہ کا شدید مخالف ہے ۔ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے تہران کے ساتھ انقرا کے تجارتی تعلقات میں ایران کے خلاف مغرب کی اقتصادی پابندیوں کے اثرات کے بارے میں کہا کہ یہ پابندیاں شاید دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات میں بہت ہی معمولی طریقے سے اثر انداز ہوں لیکن دونوں ممالک کے باہمی تعاون پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔  اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسی طرح علاقے میں اغیار کی موجودگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں غیر ملکی فورسز کی موجودگی نے تمام علاقائی ممالک کی سیکورٹی کو خطرے سے دوچار کردیا ہے ۔ جناب مہمانپرست نے شام کے بحران کے بارے میں کہا کہ شام کی بہترین مدد اس ملک میں جھڑپوں کی روک تھام ہے اور صہیونی ریاست اور اس کے حامی شام میں جاری بدامنی سے اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں اور شام میں بے گناہ عوام کا قتل عام قابل مذمت ہے ۔.........../110