23 دسمبر 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے ایرانی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ امریکہ کے غیرضروری سفر سے اجتناب کریں۔

ابنا: رامین مہمان پرست نے امریکہ میں ایرانو فوبیا نیز ایرانی شہریوں کو گرفتار کرنے اور ڈرانے دھمکانے کے جاری سلسلے کے نیز امریکہ میں تفتیش کے دوران ایک ایرانی شہری داریوش سررشتہ دار کی مشکوک موت کے پیش نظر ایرانی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے غیر ضروری سفر پر جانے سے اجتناب کریں اور اگر سفر ضروری ہو تو بہت زیادہ احتیاط سے کام لیں۔انہوں نے کہا کہ داریوش سررشتہ دار جیسے سن رسیدہ افراد کے ساتھ معمول کے خلاف اور غیرانسانی طرز سلوک اور ان سے وحشیانہ انداز سے تفتیش ناقابل قبول ہے۔ رامین مہمان پرست نے کہا کہ امریکہ کے متعلقہ اداروں اور حکام سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس واقعے کے اسباب و وجوہات کا پتہ لگا کر قصورواروں کے خلاف ٹھوس کارروائي کریں گے۔واضح رہے کہ  ایک 73 سالہ ایرانی شہری "داریوش سررشتہ دار"  نومبر 2012 میں امریکی صدارتی انتخابات کی رات اپنی بیٹی اور نواسی سے ملنے کے لئے امریکہ کے ڈلس بین الاقوامی ہوائي اڈے پہنچے تھے جس کے بعد واشنگٹن کے ہوائي اڈے پر دو دن تک ان سے وحشیانہ انداز سے تفتیش کی گئی اور جب وہ بیٹی کے گھر پہنچے تو شدید جسمانی اور ذہنی دباؤ سہنے کے بموجب انتقال کرگئے۔۔۔۔۔۔۔۔/110