ابنا: نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ماسکو میں روس کے سرکاری ریڈیو" صدائے روس " سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا موقف یہ ہے کہ شام کے بحران کو سیاسی طور پر حل کیا جاسکتا ہے اور اسی ہدف کے تحت، ایران نے 6 نکاتی فارمولہ پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس فارمولے کے تحت شام میں بشار اسد کی سربراہی میں عارضی حکومت کی تشکیل ہونے کی تجویز پیش کی گئی ہے اور انتخابات کے انعقاد تک بشاراسد ہی شام کے صدر باقی رہیں گے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ قومی مفاہمتی حکومت میں شام کے مختلف مکاتب فکر کے نمائندےاور اسی طرح حکومت کے مخالف وہ گروہ شامل ہوسکتے ہیں جو اس ملک کے عوام کے قتل عام میں ملوث نہ ہوں ۔واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی جانب سے اتوار کو شام میں بحران کے خاتمے کےلئے 6 نکاتی فارمولہ پیش کیا گیا جس میں شام میں تشدد کا خاتمہ ،شام میں قومی مفاہمتی کمیٹی کی تشکیل کی غرض سے مختلف مکاتب فکر ، سیاسی اور حکومتی شخصیات کے درمیان مذاکرات ،شام کے مختلف علاقوں میں کسی بھی نسلی امتیاز کے بغیر عوام کو امدادی اشیا فراہم کرنا ،شام کے خلاف اقتصادی پابندیاں ختم کرنا اور پناہ گزینوں کی واپسی کےلئے حالات سازگار بنانا، شامل ہے۔
......
/169