6 دسمبر 2012 - 20:30

گرفتار دونوں ملزمان کو سیاسی جماعتوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے اوروہ سیاسی جماعتوں کو ماضی میں اسلحہ بھی سپلائی کرتے رہے ہیں۔

ابنا: کراچی کے علاقے کھوکھراپار میں رینجرز نے کارروائی کرکے کئی مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیاہے جبکہ قائد آباد میں پولیس نے کارروائی کرکے 22 خاندان نامی ڈکیت گروپ سے وابستہ 2 اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان مبینہ طورپر 100 سے زائد قتل، بھتہ وصولی، ڈکیتی اور فیکٹریوں میں لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملیر کے علاقے کھوکھرا پار میں رینجرز نے نصف شب کو مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ اس دوران بعض گھروں کی تلاشی لی گئی اور کئی افرادکوحراست میں لے لیا گیا۔ حراست میں لئے گئے افراد کا تعلق کالعدم تنظیم اور گینگ وار سے ظاہر کیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران علاقے کا محاصرہ کرکے رہائشیوں کی آمد و روفت کو بھی بند کردیا گیا تھا اور پکڑے گئے افراد کوپوچھ گچھ کیلئے رینجرز اہلکار اپنے ساتھ لے گئے۔ پولیس کے مطابق قائد آباد کے علاقے گلشن بونیر میں ٹارگٹڈ چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس حکام نے جیو نیوز سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ ملزمان 100 سے زائد قتل،بھتہ وصولی،بینکوں سے نکلنے والے افراد کو لوٹنے،فیکٹریوں کے سامان سے لدے ٹرکوں کو لوٹ کر فیکٹری مالکان سے رقم وصول کرنے میں بھی ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے، جن کی شناخت شہزاد عرف نانگا اور محمد واجد کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار دونوں ملزمان کو سیاسی جماعتوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے اوروہ سیاسی جماعتوں کو ماضی میں اسلحہ بھی سپلائی کرتے رہے ہیں جبکہ دونوں ملزمان پہلے بھی گرفتار کیے جاچکے ہیں، ملزمان کے خلاف تھانہ شرافی گوٹھ،تھانہ قائد آباد،تھانہ لانڈھی اور متصل تھانوں میں درجنوں کیسز درج ہیں۔  ......../110