7 نومبر 2012 - 20:30

بین الاقوامی امور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر علی سعیدلو نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعلقات کی توسیع کے سلسلے میں طے پانیوالے سمجھوتوں پر عملدرآمد کے ابتدائی اقدامات شروع ہوگئے ہیں ۔

ابنا: جناب علی سعیدلو نے آج تہران میں نامہ نگاروں سے گفتگو میں صدرمملکت جناب احمدی نژاد کے عنقریب دورۂ پاکستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایران- پاکستان گیس پائپ لائن اور پاکستان کو بجلی اور دوسرے اشیاء کی برآمدات  وہ اہم موضوعات ہیں جن پر صدر مملکت کے اس دورے میں تبادلۂ خیال کیا جائے گا- انہوں نے پاکستان میں بجلی کے بحران کے بارے میں کہا کہ اس ملک کے دارالحکومت اسلام آباد کو 200میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کے ابتدائی کاموں کا آغاز ہوگیا ہے اور یہ بھی طے پایا ہے کہ عنقریب مزید ایک ہزار میگا واٹ بجلی پاکستان کو برآمد کی جائے گی-

بین الاقوامی امور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین تجارتی تعلقات بڑھانے کے سلسلے میں پاکستان سے زرعی پیداوار اور مال مویشیوں درآمد کئے جائیں گے اور ایران بھی پاکستان کو دوائیں برآمد کرے گا-

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر جناب احمدی نژاد 19 سے 22 نومبر تک ڈي -8 (آٹھ اسلامی ممالک) کے اسلام آباد میں ہونیوالے سربراہی اجلاس میں شرکت کےلئے پاکستان کا دورہ کریں گے -
.....
/169