ابنا: ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں سکندر علی کی شہادت اور ثاقب اور مشتاق کے زخمی ہونے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے، ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، جبکہ ملک کی تقدیر کے مالک و مختار عوام بے بس اور مجبور ہیں، جن کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے۔
آئے روز معصوم عوام کا قتل عام، ٹارگٹ کلنگ، مسافروں کو بسوں سے اتار کر شناخت کرکے انتہائی بے رحمی سے ان کا خون بہانا اور اس قسم کے دیگر دلخراش واقعات کے باوجود دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جاتے، جس سے عوام کے اندر پائی جانے والی شدید مایوسی، بے چینی، اضطراب اور غیض و غضب اپنی آخری حدوں کو چھو رہا ہے۔ ملک ایک مقتل گاہ کا منظر پیش کر رہا ہے، عوام کے جان و مال کا کوئی پرسان حال نہیں۔ سربراہ شیعہ علماء کونسل نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے تازہ واقعہ میں شہید ہونے والے کے خانوادے سے دلی تعزیت و ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
.....
/169