1 اکتوبر 2012 - 20:30

بحرین میں جمعیت وفاق ملی کے سکریٹری نے مطالبہ کیا ہے کہ بحرین میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کا دائمی دفتر کھولا جائے ۔

ابنا: بحرین کے اخبار الوسط نے آج کی اشاعت میں شیخ علی سلمان کے حوالے سے لکھا ہے کہ بحرین میں اقوام متحدہ کو انسانی حقوق کمشنر کا دائمی دفتر کھول کر آل خلیفہ کی جانب سے کئے گئے اصلاحات کے وعدوں کی جائزہ لیناچاہیے ۔ شیخ علی سلمان نے کہا کہ آل خلیفہ کی حکومت جینوا کی حالیہ انسانی حقوق کونسل کی نشست کے فیصلوں کو شریعت اسلامی کے منافی ہونے کا بہانہ بنا کرنظرانداز کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ بہانے بازی کررہی ہے اور اپنی ذمہ داریوں پر عمل نہیں کرنا چاہتی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے مخالفین کا ذرائع ابلاغ سے بہرہ مند ہونا کون سی شریعت کے مخالف ہے ۔ شیخ علی سلمان نے کہا کہ ملت بحرین اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے اپنی پرامن تحریک جاری رکھے گي ۔ ادھر اس تنظیم کے رکن خلیل المرزوق نے کہا ہےکہ آل خلیفہ بے دفاع اور نہتے بحرینی عوام پر مسلسل ظلم ڈھا رہی ہے۔ انہوں نے رشیا ٹوڈے ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ پارلمینٹ ، قانون سازی اور عدلیہ سب پر آل خلیفہ کا قبضہ ہے لہذا ملک میں کہیں بھی عدل و انصاف کا نام و نشان تک نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ہرگز اصلاحات کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔ قابل ذکر ہے ملت بحرین اپنے پامال شدہ حقوق کی بازیابی اور آل خلیفہ کی جاہلانہ امتیازی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔

.....

/169