ابنا: طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعوی کیا ہے کہ طالبان نے پیر کی رات صوبہ پروان کے ضلع بگرام کے علاقے کلا بلاند میں امریکی فوجیوں کا ایک ٹینک تباہ کر دیا جس کے نتیجےمیں چار امریکی فوجی ہلاک ہو گئے۔ نیٹونےاب تک اس خبر پرکوئي ردعمل ظاہر نہيں کیا ہے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق افغانستان میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے اندر سولہ طالبان کو ہلاک کیا گیا ہے۔
افغان وزارت داخلہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ سولہ طالبان صوبہ لغمان، ہرات اور ہلمند میں افغان فوج اور پولیس کے آپریشن میں مارے گئے ہيں۔ان کارروائیوں میں پندرہ طالبان زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس نے طالبان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔
طالبان نے اس سلسلے میں اب تک کوئی ردعمل ظاہر نہيں کیا ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق ستمبر کے مہینےمیں دو سو دس طالبان ہلاک اور سو سے زیادہ زخمی ہوئے ہيں۔
درایں اثنا افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے اس ملک کے شمالی علاقے میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔
افغان صدر کے دفتر نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ صدر حامد کرزئي نے صوبہ قندوز میں ہونے والے دہشت گردانہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے عام شہریوں پر حملے کو اسلامی تعلیمات کے برخلاف اور انسانیت سے دشمنی قرار دیا ہے۔
افغان صدرنے مرنے والوں کے پسماندگان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پیر کے دن قندوز میں مظاہروں کے دوران ہونے والے دھماکے میں ساٹھ افراد ہلاک اور بیس زخمی ہوگئے تھے۔
.....
/169