ابنا: جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی نے نئے صوبوں کے قیام کے لئے متفقہ قرارداد پاس کی اور اب کمیشن کی مخالفت اسے زیب نہیں دیتی، دشمن طاقتیں پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرانا چاہتی ہیں جس کے لئے ہم سب کو متحد ہونا ہو گا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ (ن) لیگ کی سفارش پر نئے صوبوں کی تقسیم کیلئے وفاق نے کمیشن تشکیل دیا جس میں (ن) لیگ کے سینٹ میں پارلیمانی لیڈر اسحاق ڈار نے خود پنجاب سے کچھ نام بھی دئیے اب اس کی مخالفت بے معنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی طر ح دیگر صوبوں کی اسمبلیاں اپنے اپنے صوبوں کی تقسیم کی قرارداد منظور کر کے اگر وفاق کو سفارش کریں گی تو ان صوبوں کی تقسیم کا جائزہ لینے کے لئے کمیشن بن سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن طاقتوں کی پوری کوشش ہے کہ کسی طرح پاکستان ٹوٹ جائے، ہمیں ایسے حالات میں متحد رہنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی دوبارہ بحالی کیلئے کوشش بھی اسی وجہ سے کی جا رہی تھی کہ ملک کے اندر جو فرقہ وارانہ فسادات ہو رہے ہیں اس کو کنٹرول کیا جا سکے۔
مولانا حیدری نے کہا کہ ہماری کوششوں کے باوجود بدقسمتی سے متحدہ مجلس عمل کے بحال نہ ہونے کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ قتل وغارت کی لہر میں بیرونی طاقتوں کا ہاتھ ہے جو پاکستان میں شیعہ سنی کے نام پر فسادات کرانا چاہتی ہیں، تمام جماعتوں کو ملک کی سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی میں جو بھی رکاوٹ ہیں انہیں چاہیے کہ ملکی سلامتی کے لئے اپنی ضد چھوڑ دیں۔
.....
/169