15 اگست 2012 - 19:30

علامہ سید ساجد علی نقوی (مدظله العالی) نے سانحہ بابو سر(چلاس) کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ آئے روز قومی شاہراہوں پر ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں سے ثابت ہوگیا ہے کہ مقامی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، جمعة الوداع کو یوم القدس اور یوم احتجاج کے طور پر منانے، سانحہ کے خلاف تین روزہ ملک گیر سوگ کا اعلان۔

ابنا: جمعرات کے روز گلگت جانے والی مسافر بس پر ہونے والی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ بارہا مرتبہ حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی مگر اس کے باوجود سنجیدگی سے غور نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے کہاکہ عملاً ملک کو دہشت گردوں، قاتلوں کے حوالے کردیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں بھی اس طرح کی قبیح اور انسانیت سوز کارروائیوں سے ثابت ہوگیا ہے کہ ان درندوں اور قاتلوں کا مذہب توکیاانسانیت سے بھی دور کا واسطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم پاکستانی عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاگیاہے۔ ایک سازش کے تحت لوگوں کو بسوں سے اتار کر ٹارگٹ کیا جارہاہے مگر کسی کے کانوں پر جوں نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں (جمعة الوداع ) کو یوم القدس کے  ساتھ ساتھ یوم احتجاج کے طور پر منایا جائیگا۔انہوں  نے اس موقع پر ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا بھی اعلان کیاہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

.....

/169