30 جولائی 2012 - 19:30

اسلام آباد سے علامہ مرحوم کا جسد خاکی سکردو ائرپورٹ لے جایا جائے گا۔ انہیں کے والد گرامی کے قدموں میں آبائی قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔ سکردو میں منگل کے روز مقامی تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

ابنا: مرحوم آغا علی الموسوی کی نماز جنازہ باغ بیرون موچی گیٹ لاہور میں آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی کی امامت میں ادا کر دی گئی ہے۔ جس میں لاہور کے عوام کی بڑی تعداد، علمائے کرام، شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور تنظیم غلامان آل عمران کے کارکنوں نے شرکت کی۔ وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری، مرکزی صدر آئی ایس او اطہر عمران، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، شیعہ علماء کونسل پنجاب کے نائب صدر علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، ایس یو سی ضلع لاہور کے صدر آصف علی زیدی، اور دیگر رہنما نماز جنازہ میں شریک تھے۔

نماز جنازہ کے مو قع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے کہا کہ علامہ آغا علی موسوی کی دینی خدمات ستر سال سے زائد عرصے پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ مرحوم نے لاہور کے شیعہ عوام کی فکری اور اسلامی تربیت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آغا علی نے لوگوں کو نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ اور خمس کی طرف متوجہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً تمام شیعہ تنظیموں کی بھی وہ سرپرستی کرتے رہے ہیں۔ تحریک جعفریہ، امامیہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن اور امامیہ آرگنائزیشن کے پروگراموں میں شریک ہوتے، مشاورت اور رہنمائی کرتے، وہ آئی ایس او کے بانی علماء میں سے تھے۔ جنہوں نے 1972ء میں اس تنظیم کا نام قرآنی استخارہ کے ذریعے رکھا۔

اس موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر اطہر عمران نے کہا کہ آغا علی موسوی کی وفات سے آئی ایس او شفیق باپ سے محروم ہوگئی ہے۔ پانچ روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں آغا علی الموسوی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سیمینار اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد علامہ آغا علی موسوی کا جسد خاکی اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔ جہاں امام بارگاہ G-6/II میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اسلام آباد سے منگل کی صبح پرواز کے ذریعے علامہ علی الموسوی کا جسد خاکی سکردو ائرپورٹ لے جایا جائے گا، اور نماز جنازہ کے بعد مرحوم کی وصیت کے مطابق انہیں انکے والد گرامی علامہ آغا حسن الموسوی کے قدموں میں آبائی قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔ سکردو میں منگل کے روز مقامی تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے فلائیٹ نہ ہونے کی صورت میں حکومت بلتستان خصوصی ہیلی کاپٹر کا انتظام کر رہی ہے۔

.......

/169