ابنا: اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت آج اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں نیٹو سپلائی کی بحالی اور پاک - امریکہ تعلقات پر غور کیا گیا - اجلاس میںواشنگٹن میں متعین پاکستان کی سفیر شیری رحمان نے امریکی حکام کے ساتھ ہونیوالے مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی قیادت کو بریفنگ دی -
ادھر پاکستان کے ایوان صدر کے ذرائع نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے صدر زرداری سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کرکے ان سے پاک امریکہ تعلقات اور نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی پر بات چیت کی ۔
حنا ربانی کھر نے صدر زرداری کو پاک امریکہ تعلقات بحالی کا ابتدائی مسودہ بھی پیش کیا جبکہ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بھی صدر زرداری کو نیٹو سپلائی بحالی کی صورت میں معاوضے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے صدر زرداری کو امریکا کی جانب سے کولیشن سپورٹ فنڈ کی ادائیگی کے فارمولے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلقات بحالی کے مسودے کی کابینہ کی دفاعی کمیٹی اورکابینہ سے منظوری کے بعد رواں ہفتے ہی نیٹو سپلائی کی بحالی کا امکان ہے۔.......
/169