9 جون 2012 - 19:30

پاکستان کےصدر آصف علی زرداری نے امریکی وزیردفاع لیون پنیٹا کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاثرغلط ہے کہ پاکستان جنگجووٴں کوپناہ دے رہاہے پاکستانی صدر نےکہاکہ پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کی بحالی میں وقت لگے گا۔

ابنا: صدر آصف علی زرداری نے چینی اخبارچائنا ڈیلی سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں الیکشن کا سال ہے اور امریکی سیاستدانوں کے اس قسم کے بیانات کو امریکی انتخابات کے تناظر میں دیکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے مفادات مشترک ہیں،ان کا کہناتھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے جو اثرات پاکستان پر پڑے ہیں وہ کوئی نہیں سمجھ سکتا،دہشت گرد حملوں کی وجہ سے پاکستان کی اقتصادی صورتحال بھی خراب ہے

پاکستان نے امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کو استعمال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دے گا۔ پاکستان اپنے قومی مفاد میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور اپنے مفاد کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے قیام کے لئے یہ عمل جاری رکھے گا،امریکی وزیر دفاع کے بیانات خطے میں امن کی کوششوں میں مددگار ثابت نہیں ہوں گے،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو خطے کے وسیع تر مفاد میں دیکھا جانا چاہئے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع ایک پچیدہ معاملے کو غلط زاویہ دے رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو افغانستان میں امن واستحکام اور خطے کے وسیع تر مفاد میں دیکھنا چاہئے جیسا کہ پاکستان کررہا ہے
.......

/169