8 جون 2012 - 19:30

مرکزی رہنماء مجلس وحدت مسلمین نے نماز جمعہ کے خطبے میں کہا کہ دشمنان دین قتل و غارت گری کے ذریعے مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔

ابنا:امام جمعہ کوئٹہ اور مرکزی رہنماء مجلس وحدت مسلمین علامہ سید ہاشم موسوی نے نماز جمعہ کے خطبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ملت اور انسانی معاشرے کے استحکام کے لئے صداقت کا ہونا لازمی امر ہے۔ جھوٹ قرآن و سنت اور معصومین ع کی تعلیمات کی رو سے گناہ کبیرہ ہے۔ حضرت امام حسن عسکری ع کے بقول تمام برائیوں کی چابی جھوٹ ہے۔ باتقویٰ انسان کو جھوٹ سے پرہیز کرنا چاہیے۔

علامہ سید ہاشم موسوی نے حضرت بی بی زینب سلام اللہ علیہا کی شہادت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کے مقاصد اور اہداف کو دنیا تک پہنچانے میں امام سجاد علیہ السلام اور بی بی زینب سلام اللہ علیہا کا کردار بے مثال ہے، انہوں نے جامعہ اسلامیہ مفتاح العلوم کے باہر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمنان دین قتل و غارت گری کے ذریعے مسلمانوں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کرنے کی خطرناک سازشوں میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے درمیان نفرتیں پیدا ہونے سے دشمنان دین، شیطانی قوتیں اور عالمی سامراجی طاقتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ لہٰذا مسلمانوں کو موجودہ صورتحال میں بہت زیادہ ہوشیار اور بیدار رہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قتل و غارت گری دشمنان اسلام اور شیطانی قوتوں کا شیوہ ہے۔ قبائلیت کے حد سے زیادہ فروغ کو بھی اسلام اور مسلمانوں میں انتشار کا باعث گردانا جاتا ہے، قرآن کی رو سے تمام قبائل انسان کی پہچان اور شناخت کی حد تک محدود ہیں۔ قبائل ناموں سے مسلمانوں میں اختلاف ڈالنا قرآن کی رو سے ہرگز صحیح نہیں۔

علامہ ہاشم موسوی نے قوم کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اتحاد کو پارہ پارہ کرنے والوں کو قوم کبھی بھی معاف نہیں کریگی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر دانستہ یا نادانستہ طور پر قوم کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے درپے ہیں۔

.......

/169