6 جون 2012 - 19:30

عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے شورائے کتاب کے سیکریٹری نے ادارے کی جانب سے کتاب "قرآن، نہج البلاغہ کے آئینے میں" کے انگریزی ترجمے کی اشاعت کی خبر دی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی – ابنا – کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام عباس جعفری نے اس خبر کے ساتھ کہا: کتاب "قرآن، نہج البلاغہ کے آئینے میں" سن 1377 ہجری شمسی اور 1378 ہجری شمسی میں ماہ رمضان کے دوران قم میں استاد بزرگ حضرت آیت اللہ مصباح یزدی کی چند تقاریر کا مجموعہ ہے ۔ یہ تقاریر کیسٹوں سے لی گئی ہیں جنہیں ضروری ایڈیٹنگ کے بعد کتابی صورت میں شائع کیا گیا ہے۔

انہوں نے اضافہ کیا: حضرت استاد نے اپنی ان تقاریر میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد مسلمانوں کی قرآن و عترت کی حقیقت سے دوری کے عوامل اور امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہم السلام کے بیانات کی روشنی میں قرآن کریم کی حقیقت کی بعض صورتوں کو بیان کیا ہے۔ دوسری طرف دشمنوں کی طرف سے پیدا کردہ شبہات کے ٹھوس جوابات بھی فراہم کئے ہیں۔

حجت الاسلام جعفری نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: یہ کتاب تین فصلوں کی صورت میں ترتیب دی گئی ہے اور اس کے اہم ترین مباحث قرآن، انسان کی دسترس میں واحد آسمانی کتاب، انسان کی زندگی میں قرآن کا کردار، قرآن کے کلی خطوط کا ایک نمونہ، اسلامی حکومت کی تشکیل میں نعمت خداوندی کی تجلی، قرآن کی پیروی کے سائے میں اجتماعی مشکلات کا حل، قرآن؛ درد کی مفید دوا، قیامت کے دن قرآن کے پیروکاروں کی فلاح،  قرآن کے بارے میں امام علی (ع) کی سفارشات، قرآن اور دینی معارف سے متعلق دو نقطہ ہائے نظر، قرآن کی تفہیم اور معنی کے مختلف مراتب، قرآن کی تفہیم و تفیسر کو سمجھنے کے لئے اہل بیت (ع) کے علوم کی تفہیم  و تفسیر کی ضرورت،  قرآن کے ذریعے قرآن کی تفسیر، متشابہات سے استناد کرنا قرآن سے مقابلے کی ایک صورت، دین میں فتنہ و فساد کا مقابلہ کرنے کے لئے قرآن کا لائحہ عمل، تہذیبی اور فوجی فتنہ و فساد سے متعلق قرآن کا اخطار، دین میں فتنہ و فساد کے وقوع پذیر ہونے کے بارے میں قرآن کی پیش گوئی، دینی تعلیمات میں تحریف کرنے والے امام علی (ع) کی نگاہ میں، حضرت علی (ع) کا لوگوں کو اخطار دینا وغیرہ ہیں۔

انہوں نے یاد دہانی کرائی: مختلف ضروری زبانوں میں اس کتاب کے ترجمہ و اشاعت کی منظوری شورائے کتاب کے سولہویں اجلاس میں دی گئی۔ انگریزی زبان میں کتاب کا ترجمہ منصور لیمبا نے کیا ہے۔ اس کے علاوہ شائقین اس کتاب کے برقی متن اور ادارے  کے دیگر منشورات کے حصول کے لئے  www.ahlulbaytportal.com سے رجوع کرسکتے ہیں۔.......

/169