23 مئی 2012 - 19:30

ایران کے صوبہ قم کی اسلامی تبلیغات آرگنائزیشن کے ثقافتی امور کے مشیر نے کہا ہے کہ بانی انقلاب امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی برسی کی مناسبت سے اس صوبے میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے نظریات کی وضاحت کے موضوع پر۵۰ دینی نشستیں منعقد کی جارہی ہیں۔

ابنا: صوبہ قم کی اسلامی تبلیغات آرگنائزیشن کے ثقافتی امورکے مشیرحجۃ الاسلام والمسلمین محمود نجاریان زادہ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا ہے کہ بانی انقلاب اسلامی نے اللہ تعالی پرایمان ،مسلسل جدوجہد اور لوگوں پر اعتماد کے سائے میں اسلامی معاشرے کوایک نیا تشخص عطا کیا ہے اوران کی مسلسل جدوجہد کی وجہ سے اسلام اور تشیع کی خالص ثقافت کا احیاء ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ،عوامی تحریکوں کو بیدارکرنے اور حکومت کے نظام کو چلانے میں اعلی افکارکے مالک تھے لہذا جوان نسل کے لیے ان نظریات کی وضاحت اور تشریح کرنے کی ضرورت ہے۔اسی بنا پرصوبہ قم کی اسلامی تبلیغات ارگنائزیشن نے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی برسی مناسبت سے دینی نشستوں کے انعقاد کا اقدام کیا ہے۔

حجۃ الاسلام نجاریان زادہ نے کہا ہے کہ صوبہ قم کی پچاس مساجد میں یہ نشستیں منعقد ہورہی ہیں جن میں قم کے نامور اساتذہ اور علماء شرکت کررہے ہیں۔

انہوں نے آخرمیں کہا ہے کہ مذکورہ بالا علمی نشستوں کے علاوہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی برسی کی مناسبت سے امام خمینی کے زندگی نامہ پرثقافتی مقابلہ ،قرانی مقابلوں کے ہمراہ قرآنی محفل کا انعقاد اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے سیاسی افکارکے موضوع پرسیمینار جیسے پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔

.......

/169