19 مئی 2012 - 19:30

مجلس شوراے اسلامی کے رکن محمد سلیمانی نے کہا ہےکہ سعودی عرب سے بحرین کے الحاق سے آل سعود کی حکومت سرنگون ہوجائے گي۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق وزیر انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی محمد سلیمانی نے کہا کہ سعودی عرب اور آل خلیفہ کے اس اقدام کو کوئي بھی بین الاقوامی ادارہ تسلیم نہیں کرتا ہے اور علاقائي قومیں نہ صرف اس اقدام کی مخالف ہیں بلکہ اس کا ڈٹ کر مقابلہ بھی کریں گي۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے بحرین کے الحاق سے علاقے کے ملکوں کو خطرات لاحق ہوجائيں گے اور جس طرح سے صدام نے کویت پر حملہ کیا تھا اور اس پر عالمی برادری نے رد عمل دکھا یا تھا اسی طرح سے سعودی عرب سے بحرین کے الحاق پر بھی عالمی برادری کا رد عمل سامنے آئے گا اور اسکی بھر پور مخالفت کی جائے گي۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے بحرین کا الحاق عالمی قوانین کے مطابق ایک غلط اقدام ہونے کے ساتھ ساتھ ناقابل عمل بھی ہے اور اس سے قطر ، کویت اور امارات جیسے چھوٹے ملکوں کو خطرے لاحق ہوجائيں گے۔ محمد سلیمانی نے کہا کہ آل سعود نے خود کو عوام پر مسلط کررکھا ہے اور جزیرۃ العرب میں آل سعود سے نفرت کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے بحرین کے الحاق سے خود سعودی عوام آل ‎سعود کےخلاف احتجاج کرنے لگيں گے۔ یا درہے آل سعود اور آل خلیفہ نے امریکہ اور مغربی ملکوں کی سرپرستی میں بحرین کو سعودی عرب سے ملحق کرنے کی سازش تیار کی ہے۔ ملت بحرین کا کہنا ہےکہ یہ سازش اسکی انقلابی تحریک کو کچلنے کےلئے رچی گئي ہے۔یاد رہےملت بحرین اپنے پامال شدہ حقوق کی بازیابی اور آل خلیفہ کی جاہلانہ امتیازی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔......./169