ابنا: آيت اللہ کاظم صدیقی نے کہا کہ مغرب کو اعتماد سازی کے لئے ایران کے ایٹمی حقوق کو تسلیم کرلینا چاہیے اور اب پرامن ایٹمی انرجی کے حقوق سے دستبردار ہونے کی غرض سے ملت ایران پر دباؤ ڈالنے اور زور زبردستی کی پالیسیوں کا کوئي فائدہ نہیں ہے۔ خطیب جمعہ تہران نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی پرامن ایٹمی سرگرمیوں پر عالمی برادری کا اعتماد حاصل کرنے کےلئے کوئي دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا ہے اور اب مغرب سے یہ توقع کرتا ہے کہ مشترکہ نکات اور حل تک پہنچنے کےلئے اپنی نیک نیتی کا ثبوت دے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیاں مکمل طرح سے ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کی نگرانی میں جاری ہیں اور یہ سرگرمیاں شفاف ہیں اور انہیں ہم دنیا کے سامنے پیش کرسکتے ہیں۔ خطیب جمعہ تہران نے سعودی عرب سے بحرین کے الحاق کے سلسلےمیں امریکہ آل سعود اور آل خلیفہ کی سازشوں کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا کہ علاقے کی قومیں بالخصوص بحرین کی غیرت مند قوم اور دنیا کے مسلمان اس سازش پر خاموش نہیں رہیں گے۔
خطیب جمعہ تہران نے سعودی عرب کو نصحیت کی کہ بحرین پر قبضہ اور ہمسایہ ملکوں کے خلاف سازشیں کرنے کے بجائے کہ جس کا نتیجہ رسوائی کے علاوہ اور کچھ نہیں نکلے گا بحیرہ احمر میں اپنے جزیروں کو صہیونی ریاست کے قبضے سے آزاد کرائے۔ انہوں نے جینوا میں بحرین میں انسانی حقوق کے تعلق سے منعقد ہونے والی نشست کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا کہ دنیا اور عالم اسلام کی قومیں اس اجلاس سے توقع رکھتی ہیں کہ اس اجلاس میں ملت بحرین پر آل خلیفہ کی مجرمانہ کاروائیوں کی مذمت اور ملت بحرین کی تحریک کے حق میں قرارداد منظور کی جائے گي۔
خطیب جمعہ تہران نے جمہوریہ آذربائیجان میں حکومت کے غیر انسانی اور غیر اسلامی رویے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کی مسماری علماء کی گرفتاری اور صہیونیوں کواثر و رسوخ پیدا کرنے کے لئے سرگرمیوں کی کھلی چھوٹ دینا اس ملک کے مسلمان عوام کی تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ آذربائیجان کی حکومت کی جانب سے ہم جنس پرستوں کے پریڈ اور اس کی تشہیر کے لئے کروڑوں ڈالروں کی سرمایہ کاری کو شرمناک قراردیا۔
انہوں نے حکومت جمہوریہ آذربائيجان کو نصحیت کی کہ امریکہ اور صہیونی ریاست کی مکارانہ پالیسیوں کی پیروی کے بجائے یہ پیسہ اپنے غریب عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے۔
.....
/169