28 اپریل 2012 - 19:30

بحرین کے سابق رکن پارلیمان نے کہا کہ آج تک کسی بھی امریکی اہلکار کا اظہار خیال بحرینی عوام کے مفاد میں نہ تھا بلکہ امریکہ خلیج فارس کی ساحلی ریاستوں میں اپنے اور بعض عرب حکمرانوں کے مفادات کے درپے ہے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے سابق رکن پارلیمان اور جمعیۃ الوفاق الاسلامی الوطنی کے رکن عبدالمجيد السبع نے کہا کہ بحرینی عوام کی انقلابی سرگرمیاں ہر شب اور ہر جمعہ کو جاری ہیں اور جائز مطالبات پر یہ عوامی اصرار اس اہم پیغام کا حامل ہے کہ عوام اپنے حقوق حاصل کرنے تک جدوجہد کو ترک نہیں کریں گے اور چین سے نہيں بیٹھیں گے۔ عوام بحرین میں اقتدار کا سرچشمہ بننا چاہتے ہیں وہ چاہتے ہيں کہ ملک میں ووٹنگ کے لئے عادلانہ مراکز قائم کئے جائیں اور ملک ميں مستقل اور خودمختار عدلیہ قائم کیا جائے۔

عبدالمجید السبع نے بحرین میں سیاسی اسیروں بالخصوص عبدالہادی الخواجہ ـ جو 78 دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں ـ کی افسوسناک صورت حال پر عالمی برادری کی خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: عبدالہادی الخواجہ اپنا عقیدہ بیان کرنے کے جرم میں قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہيں اور آل خلیفہ حکومت اپنے ہی اہلکار البسیونی کی رپورٹ اور ان کی طرف سے عبدالہادی الخواجہ سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کی سفارش کے باوجود، ان قیدیوں کی رہائی سے انکار کررہی ہی۔

انھوں نے بحرین کے مسائل کے پیش نظر امریکی تشویش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: بحرینی قوم اپنی ہمت سے اپنے چھنے ہوئے حقوق حاصل کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ اپنی اس تحریک میں ضرور کامیاب ہونگے اور ہم حکومت کے مخالفین کی حیثیت سے امریکی تشویش کے لئے ذرہ برابر وقعت اور اہمیت کے قائل نہيں ہیں کیونکہ انقلاب کے آغاز سے لے کر اب تک کسی بھی امریکی اہل کار کا بیان بحرینی عوام کے مفاد میں نہ تھا بلکہ امریکہ تو خلیج فارس کی ساحلی ریاستوں میں اپنے اور بعض عرب حکمرانوں کے مفادات کے درپے ہے۔ .......

/169

تفصیل کے لئے رجوع کیجئے:

انقلاب کرامت بحرین کا 440واں دن؛ متنوع رپورٹیں؛آل خلیفہ کے خلاف لاکھوں افراد کا احتجاج / عبدالہادی الخواجہ کہاں ہیں؟