ابنا: مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے جاری بیان میں کوئٹہ میں پیش آنے والے سانحہ بروری روڈ اور سبزل روڈ کی شدید مذمت کی گئی۔ اور کہا گیا کہ دہشت گردی کے ان واقعات کے نتیجے میں 9 بے گناہ افراد شہید ہوئے۔ ساتھ ہی موقع پر موجود سیکورٹی فورسز کے سامنے دہشت گردوں کی فائرنگ سے بے گناہ افراد کا قتل عام سمجھ سے بالا تر ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں دہشت گردی کے واقعات پر سخت تشویش ہے۔
حکومت اور سیکورٹی ادارے ان تمام سانحات کے اصل ذمہ دار ہیں۔ بعض حکومتی عناصر کی سرپرستی کے بغیر دہشتگرد اس طرح آزادانہ قتل و غارت گری نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد پاکستان کو تباہ کرنے والے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، اور ملک خصوصاً کوئٹہ کے امن کو تباہ کرنے کی خاطر فرقہ واریت پھیلانے کے مذموم مقاصد پر عمل پیرا ہیں۔
علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ ہم کسی قیمت پر فرقہ واریت کو پھیلانے کی مذموم کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ کوئٹہ میں امن و امان کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں اور حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے خلاف منظم آواز اٹھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں بے گناہ ہزارہ افراد کی شہادت پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے اور شہداء کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین حکومت سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ دہشتگردی کی روک تھام کے لئے سنجیدہ اقدامات کرے، دہشتگرد اور دہشتگردوں کی سرپرستی کرنے والے عناصر کو بے نقاب کر کے قرار واقعی سزا دے, بصورت دیگر حکومت فوراً مستعفی ہو جائے کیونکہ یہ حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین دیگر جماعتوں سے مل کر حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے خلاف شدید اجتجاج کریگی اور ہزارہ قوم کی بقاء کی خاطر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریگی۔
.......
/169