ابنا: امریکی افواج کی سینٹرل کمان کے سربراہ جنرل جیمز این میٹس اور افغانستان میں بین الاقوامی اتحادی فوجوں کے نگراں جنرل جان ایلن پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے آج ملاقات کررہے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چار ماہ قبل پاکستان کی سرحدی چوکی پر نیٹو کے فضائی حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کا یہ پہلا رابطہ ہے۔پاکستانی فوج کے مطابق ملاقات میں سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کی تحقیقات اور سرحدی تعاون کے طریقہء کار پر بات ہوگی۔
افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کی رسد کھولنے اور امریکہ سے از سرِ نو سفارتی تعلقات کے تعین کے بارے قومی سلامتی سے متعلق کمیٹی کی سفارشات پر بحث کے لیے پاکستانی پارلیمان کا مشترکہ اجلاس تین دن سے جاری ہے تاہم ابھی بحث کا آغاز نہیں ہوسکا۔
قومی سلامتی کی کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات میں امریکہ سے پاکستان کی سرحدی چوکی پر فضائی حملے پر معافی مانگنے اور ڈرون حملے بند کرنے جیسے مطالبات بھی شامل ہیں۔........ /169