27 فروری 2012 - 20:30

مرکزی دفتر سے جاری بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور خفیہ ایجنسیاں دہشتگردوں کے سامنے بالکل بےبس نظر آتی ہیں جس کے باعث عوام میں مایوسی کی کفیت بڑھتی جا رہی ہے۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے نوشہرہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے کے بعد ریمورٹ کنٹرول دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔

مرکزی دفتر سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ ملک میں طالبان اور القاعدہ کے نام سے مسلسل بربریت کا بازار گرم کرنے والے یہ گروہ طاغوتی طاقتوں کے ایجنٹ ہیں جن کا مقصد پاکستان میں عدم استحکام، فرقہ واریت اور انتشار پیدا کرنا ہے۔ ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی ایجنسیاں ان دہشتگردوں کے سامنے بالکل بے بس نظر آتی ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ ان دہشتگردوں کی پشت پناہی کون کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود ان کی پناہ گاہوں اور تربیت گاہوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، جسے دیکھ کر سکیورٹی ایجنسیوں کے دہرے معیار کا اندازہ ہوتا ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکی میڈیا اس بات کا انکشاف کر چکا ہے کہ پاکستان میں 2005ء کے زلزلے کے دوران ہزاروں کی تعداد میں امریکی خفیہ اداروں کے ایجنٹ یہاں بھیجے گئے۔

آج جو کچھ ملک میں ہو رہا ہے اس میں سی آئی اے اور بلیک واٹر جیسی امریکہ خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے اور حکومت کو امریکہ سے تعلقات اس کی پالسیوں کی حمایت کے حوالے سے کوئی واضح حکمت عملی بنانا ہو گی۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو ملک کو مزید نقصان پہنچنے کا امکان موجود رہے گا اور یہ دہشتگرد اسی طرح ملک بھی میں دندناتے ہوئے دہشتگردی کر تے رہیں گے۔

علامہ ناصر عباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اصغر عسکری نے گلگت بلتستان کے کثیر الاشاعت اخبار روزنامہ ’’کے ٹو‘‘ کے چیف ایڈیٹر راجہ حسین مقپون کی المناک حادثاتی موت پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت پیش کی۔

........

/169