11 فروری 2012 - 20:30

14 فروری کی آمد پر، بحرین کے مظلوم اور با استقامت عوام کی حمایت کے مقصد سے، انقلاب بحرین اور آل خلیفہ کی ظالم و جابر حکومت کے خلاف بحرین کے بہادر عوام کے قیام کے آغاز کی پہلی سالگرہ کی تقریبات کل رات قم میں منعقد ہورہی ہیں۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق، بحرین کے نہتے اور مظلوم عوام کی حق پرستانہ تحریک کا ایک سال پورا ہورہا ہے؛ آل خلیفہ کے مظالم و جرائم کے خلاف عوام کی جدوجہد جو مظلومیت کی انتہاؤں پر بھی جاری و ساری ہے۔ ایک سال میں ایک چھوٹی سی آبادی والے ملک میں ستر افراد نہایت مظلومیت کے عالم میں شہید ہوچکے ہیں، اس ملت کے مقدسات کی بے حرمتی کی گئی ہے، درجنوں مساجد و حسینیات کو شہید کیا گیا ہے، مسلمانی کا دعوی کرنے والے اندرونی غاصبین اور بیرونی سعودی جارحین نے قرآن مجید کے دسیوں نسخے نذر آتش کئے ہیں؛ اس ملک کے مرد اپنے کم از کم شہری اور انسانی حقوق کے مطالبے کی پاداش میں بے روزگار کئے گئے ہیں، اس ملک کی خواتین اور بچیوں کی بے حرمتی کی گئی ہے، متعدد شیعہ علماء خلیفی اذیتکدوں میں پابند سلاسل ہیں اور جو باہر ہیں ان کو بھی خلیفی اور سعودیوں کی جانب سے خطرات کا سامنا ہے اور ان میں سے کئی ایک کو دھمکیاں دی گئی ہیں اور ان کے گھروں پر آل خلیفہ کے کرائے کے غنڈوں نے حملے کئے ہیں یا پھر ان کے گھروں کے اندر زہریلی گیسوں کے گولے پھینک دیئے گئے ہیں۔ چنانچہ عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی نے آستانۂ مقدسۂ کریمۂ اہل بیت حضرت سیدہ فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے تعاون سے بحرینی عوام کے انقلاب کے آغاز کی پہلی سالگرہ کی مناسبت سے بحرین کے با استقامت عوام کی حمایت اور اس انقلاب کے شہداء کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرنے کی غرض سے، ایک تقریب کا اہتمام کیا ہے۔یہ تقریب بروز سوموار مورخہ 13 فروری 2012 کو نماز مغرب و عشاء کے فوراً بعد حرم مطہر میں واقع شبستان امام خمینی (رحمۃ اللہ علیہ) میں منعقد ہورہی ہے جس میں قم کے علمائے اعلام سمیت حوزہ علمیہ قم کے مقامی اور بیرون ملک کے مقیم طلاب کرام نیز شہر قم المقدسہ کے عوام کی ایک خاصی تعداد شرکت کررہی ہے۔ عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کی شورائے عالی کے رکن آیت اللہ قربان علی دُری نجف آبادی اس تقریب کے مقرر خصوصی ہونگے۔

.............

/110