ابنا: آج تہران کی مرکزی نماز جمعہ حجۃ الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی کی امامت میں ادا کی گئي۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے لاکھوں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی صدی کا معجزہ ہے اور بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح نے عوام کی شرکت کے ساتھ اس انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
خطیب نماز جمعہ تہران نے اس بات کو بیان کرتے ہوۓ کہ عوام ہی انقلاب اسلامی ایران کے اصل مالک ہیں کہا کہ بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری اسلام ، ایمان ، علم ، فقاہت ، اور عدل کی کامیابی کا دن ہے جو سامراج اور استبداد سے ملت ایران کی نجات کا سبب بنا۔ حجۃ الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے بائیس بہمن کے جلوسوں میں ایرانی عوام کی بھر پور شرکت کو ایران مخالف پابندیوں کی ناکامی ، شہیدوں کے ساتھ تجدید عہد اور رہبرانقلاب اسلامی کی ہدایات پر عملدرآمد کا عکاس قرار دیا ۔
خطیب نماز جمعہ تہران نے انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کے موقع پر خطے کی اسلامی بیداری اور انقلابی تحریکوں کو ایک سال کا عرصہ گزرنے کو بھی خدائي معجزات میں سے قرار دیا اور کہا کہ اس عرصے میں چار بڑے طاغوت سرنگون ہوچکے ہیں۔
خطیب نماز جمعہ تہران نے یورپی ممالک کی پابندیوں میں شدت اور ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی کے بارے میں کہا کہ پابندیاں اور دھمکی کوئي نئی چیز نہیں ہے اور ملت ایران نے ثابت کردیا ہے کہ وہ دشمنوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔
.....
/169