ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ علی اکبر صالحی نے شام کے مفتی اعظم شیخ احمد بدرالدین حسون سے ملاقات میں علاقائی ممالک کو تقسیم کرنے کے سلسلے میں مغربی ممالک کی سازش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے برحق اور پائدار مؤقف پر قائم ہے اور علاقائی ممالک کو مغربی ممالک کی سازشوں کے بارے میں ہوشیار رہنا چاہیے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مسلمانوں کےدرمیان اتحاد اور وحدت کے سلسلے شامی مفتی کی کوششوں اور تقریروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمنان اسلام علاقائی اسلامی ممالک کے درمیان اختلاف اور تفرقہ ڈالنے کی کوشش میں ہیں اور اس صورت حال کے پیش نظر اتحاد کی اہمیت دوچنداں ہوجاتی ہے۔
شام کے مفتی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ شام کے حالیہ بحران میں بعض علاقائی عرب حکام نے برطانیہ اور اسرائيل کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی بھر پور کوشش کی ہے انھوں نے کہا کہ بی بی سی، سی این این، اور ان کے ساتھ الجزيرہ اور العربیہ کا تعاون کسی پر پوشیدہ نہیں انھوں نے شام کے حالات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے میں رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی بہت زيادہ کوشش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا شام ، اسلامی ممالک اور امت مسلمہ کے بارے میں مؤقف قابل قدر اور قابل ستائش ہے۔ .......
/169