ابنا: صدر جناب احمدی نژاد نے آج نیکاراگوا کے منتخب صدر ڈینیل اورٹیگا کی تقریب حلف برداری کے موقع پر سورینام کے صدر بوترفہ سے ملاقات میں کہا کہ آج انصاف پسندی کے جذبات سے قومیں ایک دوسرے کے قریب آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران حریت پسند قوموں اور حکومتوں کےساتھ تعلقات بڑھانے میں کسی محدودیت کا قائل نہیں ہے اور اسے انصاف پسند محاذ کی تقویت کا سبب سمجھتا ہے۔
صدر احمدی نژاد نے انصاف پسندی کو انسان کا فطری جذبہ قرار دیا جو جغرافیائي اور علاقائي مسائل سے بالاتر ہو کر قوموں کو آپس میں جوڑتا ہے۔ صدر جناب احمدی نژاد نے کہا کہ آزادی، عدل و انصاف، اور انسانی حقوق کا احترام ایسے اہداف ہیں جن کو حاصل کرنے کے لئے قوموں کو جدوجہد کرنی چاہیے اور آج اکثر قومیں یہ جدوجہد کر رہی ہیں۔
صدر بوترفہسورینام کے صدر نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ان کا ملک بھی انقلابی اصولوں کی بنیاد پر ایران جیسے ترقی یافتہ ملکوں سے تعلقات بڑھانے کا عزم رکھتا ہے۔ بوترفہ نے امریکہ اور یورپ کے اقتصادی بحرانوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان ملکوں کی معیشت زوال کی طرف بڑھ رہی ہے اور موجودہ حالات میں علاقائي اور عالمی سطح پر تعاون کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ صدر جناب احمدی نژاد نے گذشتہ شب نیکاراگوا کے دارالحکومت ماناگوا کے مرکزی اسکوائر میں منعقدہ صدر ڈینیل اورٹیگا کی تقریب حلف براداری میں شرکت کی۔
اس تقریب میں صدراحمدی نژاد کے ساتھ پانچ ملکوں کے صدور، نائب صدر اور وزرائے اعظم بھی شریک تھے۔ صدر ڈینیل اورٹیگا نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی سامراج مخالف پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران امن و سلامتی اور عدل و انصاف قائم کرنے کے لئے دنیا میں خود مختار اور حریت پسند قوموں کے ساتھ جدوجہد کر رہا ہے۔
صدر ڈینیل اورٹیگا نے ملت ایران کے ایٹمی حقوق کی ٹھوس حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہرقوم کو پرامن مقاصد کے لئے ایٹمی انرجی سے استفادہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ قابل ذکر ہے کہ صدر جناب احمدی نژاد لاطینی امریکہ کے چار ملکوں کے دورے پر ہیں۔........ /169