1 جنوری 2012 - 20:30

اسلام آباد..... پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں آئندہ دو سال کےلئے غیر مستقل نشست سنبھال لی ۔

ابنا: اس موقع پر اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ پاکستان بطور رکن عالمی مسائل کے حل میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔

پاکستان نے اتوار سے آذربائیجان، گوئٹے مالا، مراکش اور ٹوگو کے ہمراہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے کام شروع کیا۔ پاکستان اکتوبر 2011 میں 139 میں سے 103 ممالک کی حمایت سے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہوا تھا۔

یہ ساتواں موقع ہے کہ پاکستان سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بنا ہے جبکہ یہ تیسرا ایسا موقع بھی ہے کہ وہ ایک ایسے وقت میں سلامتی کونسل کا رکن ہے جب اس کا علاقائی حریف بھارت بھی اس فورم پر موجود ہے۔

عبداللہ ہارون نے کہا کہ پاکستان کی رکنیت کے دوران سلامتی کونسل میں جو بھی عالمی معاملات زیرِ بحث آئیں گے، پاکستان ان کے حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرے گا۔

انہو ں نے کہا کہ پاکستان سب کو ساتھ لے کر چلنے اور اقوامِ متحدہ کے منشور میں دیے گئے اصولوں کی ترویج کے لیے پرعزم ہے۔........

/169