16 دسمبر 2011 - 20:30

پولیس کے مطابق المختار گروپ کا سربراہ اصغر عرف عمر بم بنانے کا ماہر ہے اور اس نے بم بنانے کی تربیت وزیرستان میران شاہ سے حاصل کی ہے، پولیس کے مطابق شہر میں ہونے والے بم دھماکوں میں استعمال ہونے والے بیشتر بم بھی اصغر عرف عمر نے ہی بنائے تھے اور انہیں نصب بھی کروایا تھا۔

ابنا: سی آئی ڈی کے انسداد انتہا پسندی سیل نے حب ریور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان المختار گروپ کے سربراہ کو اس کے 5 ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا، گرفتار ملزمان نے شہر میں ہونے والی ایک نمائش میں بم دھماکہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ملزم اصغر عرف عمر نے وزیرستان سے تربیت حاصل کی، بم بنانے کا ماہر ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی آئی ڈی کے انسداد انتہا پسندی سیل کے اہلکاروں نے ایک اطلاع پر حب ریور روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان البدر منصور گروپ کی شاخ المختار گروپ کے سربراہ اور کراچی کے امیر اصغر عرف عمر اوراس کے ساتھیوں زاہد عرف اسامہ، محمد عابد، عثمان غنی عرف حمزہ، شاکر عرف لاکھا پتی اور اکبر علی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 50 کلو گرام دھماکہ خیز مواد، 5 کلاشنکوف، 3 دستی بم، 3ٹائم ریموٹ کنٹرول بم، 5 کلو بال بیئرنگ نٹ بولٹ، کیلیں وغیرہ، 20 فٹ ڈیٹونیٹنگ وائر، 4 ریموٹ کنٹرول ڈیٹونیٹنگ سوئچ، 5 کلو دیسی ساختہ بم جو واٹر کولر کے اندر بنایا گیا تھا، ایک ٹائم ریموٹ کنٹرول سوئچ، 30 لیٹر ہائیڈروجن پروآکسائیڈ، آدھا کلو گرام گندھک، ایک کلو گرام یوریا نائٹریٹ، ایک پستول اور مختلف اقسام کی 100سے زائد گولیاں برآمد کر لیں۔ پولیس کے مطابق المختار گروپ کا سربراہ اصغر عرف عمر بم بنانے کا ماہر ہے اور اس نے بم بنانے کی تربیت وزیرستان میران شاہ سے حاصل کی ہے، پولیس کے مطابق شہر میں ہونے والے بم دھماکوں میں استعمال ہونے والے بیشتر بم بھی اصغر عرف عمر نے ہی بنائے تھے اور انہیں نصب بھی کروایا تھا۔ ایس ایس پی چوہدری اسلم نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ان کے ممکنہ ٹارگٹ میں کورنگی کے علاقے میں جاری نمائش پر حملہ کی منصوبہ بندی کی تھی، اس کے عللاوہ رمی کلب کے مالک اعجاز کے قتل کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ المختار گروپ کے دہشتگردوں نے شہر میں موجود تمام شراب وائن اسٹورز، جوئے سٹے کے اڈوں اور سینما گھروں پر حملے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی ہے، پولیس کے مطابق ملزمان گھاس منڈی میں واقع رمی کلب پر حملے میں بھی ملوث ہیں، جس میں 16 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

.............

/169