18 نومبر 2011 - 20:30

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور وفاقی وزیر مذہبی امور مہمان خصوصی ہوں گے۔ پہلی نشست کی صدارت چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان اور دوسری نشست کی صدارت ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کریں گے۔

ابنا: اسلام ٹائمز۔ ملک کے معروف علمی ادارے البصیرہ کے زیراہتمام 20 نومبر 2011ء بروز اتوار حکیم الامت علامہ اقبال کی یوم ولادت کی مناسبت سے ایک اہم قومی سیمینار منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کا عنوان ہے ’’احیائے فکر دینی میں علامہ اقبال اور استاد مرتضٰی مطہری کا کردار‘‘۔ علامہ اقبال کے بعد اسلام کی تعبیر نو کے حوالے سے عالم اسلام کی جن شخصیات نے نہایت گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ان میں استاد مرتضٰی مطہری کا نام بہت نمایاں ہے۔ اسی پس منظر میں سیمینار میں عالم اسلام کی ان نابغہ روزگار شخصیات کے احیائی کام کا جائزہ لیا جائے گا۔ سیمینار مقتدرہ قومی زبان کے اردو آڈیٹوریم میں منعقد ہو گا اس کی دو نشستیں ہوں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید احمد شاہ مہمان خصوصی ہوں گے۔ پہلی نشست کی صدارت مولانا محمد خان شیرانی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان اور دوسری نشست کی صدارت پروفیسر فتح محمد ملک ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کریں گے۔ مقالات پیش کرنے والوں میں افتخار عارف سابق چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان، محمد سہیل عمر ڈائریکٹر اقبال اکادمی لاہور، علامہ افتخار حسین نقوی رکن اسلامی نظریاتی کونسل، ڈاکٹر فرید پراچہ نائب قیم جماعت اسلامی، ڈاکٹر دوست محمد ڈائریکٹر شیخ زید انسٹی ٹیوٹ پشاور یونیورسٹی، ڈاکٹر عبدالرؤف ظفر سربراہ سیرت چیئر اسلامی یونیورسٹی بہاولپور، ڈاکٹر نثار ہمدانی صدر شعبہ معاشیات آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد، ڈاکٹر سجاد استوری وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی اور ملک کے دیگر نامور دانشور پیش کریں گے۔ سیمینار کے میزبان ثاقب اکبر صدر نشین البصیرہ، ڈاکٹر انوار احمد صدر نشین مقتدرہ قومی زبان ہوں گے۔............

/169