12 نومبر 2011 - 20:30

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین عزاداری سید الشہداء کومحدود کرنے کے ہر اقدام کی نفی کرتی ہے اورتحفظ عزادار کے نام پرعزادار ی کی محدودیت ہر گز برداشت نہیں کرے گی ،تاہم عزاداروں پر بھی لازم ہے کہ وہ عزاداری کو اس نہج پر ڈالیں کہ اس میں ہر مکتبہ فکر اور ہر سوچ کا انسان شامل ہو سکے۔

ابنا: انہوں نے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے عزاداری سیل کے زیر اہتمام امام بارگاہ گلشن زہرا لاہور میں منعقدہ دوسری سالانہ تحفظ عزاداری کانفرنس کی پہلی نسشت میں خطاب کے دوران کیا ۔ کانفرنس میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے تین سو سے زائد مندوبین کے علاوہ مقامی ماتمی انجمنوں کے سربراہان بانیان مجالس اور معززین شہر نے شرکت کی ، علامہ امین شہیدی نے کہا کہ تمام مذہبی جماعتوں و ماتمی انجمنوں کو ماہ محرم کے دوران کے وحدت اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے ، انہوں نے بانیان مجالس پر زور دیا کہ وہ ایسے خطباء کو دعوت دیں جو عوام کو مقاصد کربلا سے ہم آہنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں اور وہ ایسے موضوعات پر گفتگو کریں کہ جس سے معاشرے میں وحدت اور اخوت کو فروغ ملے ، انہوں نے کہا کہ عوام کو عشق حسین اور مکتب حسین سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے ، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری نے کہا کہ کربلا اور حسینیت پوری انسانیت کے لیے ہے ، آئمہ معصومین نے عزاداری کو چہار دیواری سے باہر نکالا لہٰذا اب اسے کسی بھی صورت میں چہار دیواری تک محدود نہیں کیا جا سکتا ، بقول شاعر تم نے جس خون کو مقتل میں چھپانا چاہا،   آج وہ کوچہ و بازار میں آ نکلا ہے.

علامہ امین شہیدی نے مزید کہا کہ کوئٹہ میں منعقدہ عظمت شہداء کانفرنس کے علامیہ میں پیش کردہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں بیس نومبر کے بعد ہم اپنی حکمت عملی کا اعلان کریں گے اور ہماری کوشش ہو گی کہ محرم الحرام کے دوران عزاداری کے پروگراموں کو دہشت گردی اور لا قانونیت کے خلاف مہم کی شکل دے دی جائے ، کانفرنس کی پہلی نسشت میں عزاداری کونسل پنجاب کے سربراہ سابق مشیر وزیر اعظم پاکستان حیدر علی مرزا نے پنجاب بھر میں عزادار ی سید الشہداء کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی جائزہ رپورٹ پیش کی انہوں نے مذہبی روداری ، بین المسالک ذہنی ہم آہنگی اور وحدت و اخوت کے فروغ کے کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پلیٹ فارم سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور تحفظ عزاداری کے حوالے سے گرانقدر تجاویزپیش کیں ، قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ، انہوں نے تمام شرکائے کانفرنس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی تجاویز و آراء کی روشنی میں تحفظ عزادار ی کے حوالے سے حکمت عملی وضع کی جائے گی، کانفرنس سے عزاداری سیل کے رکن سید قاسم شاہ اور سید نو بہار شاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ مختلف اضلاع سے آئے ہوئے مندوبین نے اپنے اپنے علاقوں کے صورت حال اور عزاداری میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات و مسائل پر روشنی ڈالی ۔

.............

/169