29 اکتوبر 2011 - 20:30

آج مینار پاکستان پر تحریک انصاف اپنی بھرپور سیاسی قوت کا مظاہر ہ کر رہی ہے، جس کے لئے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں پنڈال بنا کر چالیس ہزار سے زائد کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔

ابنا:پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ کے لئے مینار پاکستان پر میدان سج گیا۔ عمران خان نے کرکٹ کے میدان کی طرح سیاسی جلسہ گاہ میں بھی خطرہ مول لیتے ہوئے چالیس ہزار سے زائد کرسیاں لگا دیں۔ پاکستان تحریک انصاف آج مینار پاکستان پر اپنی بھرپور سیاسی قوت کا مظاہر ہ کر رہی ہے، جس کے لئے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں پنڈال بنا کر چالیس ہزار سے زائد کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔ جلسہ گاہ کو عمران خان کے بینرز، پوسٹرز اور بڑے بڑے قد آور تصاویری بورڈز آویزاں کر کے سجا دیا گیا ہے، جلسہ گاہ کے اندر اور باہر سیاسی ترانے صبح سے ہی گونج رہے ہیں، عمران خان جو کہ کرکٹ میدان میں بڑے بڑے رسک لینے کے ماہر رہے ہیں آج جلسے میں بھی انہوں نے چالیس ہزار سے زائد کرسیاں لگا کر سیاسی رسک کی انتہاء کر دی ہے۔ جلسہ گاہ میں حفاظتی نقطہ نظر کے تحت ڈینگی کا سپرے بھی کر دیا گیا ہے جبکہ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ تحریک انصاف آج مسلم لیگ ن کے گڑھ لاہور میں اپنی عوامی طاقت کا مظاہرہ کے لئے جلسہ منعقد کر رہی ہے، جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ مینار پاکستان کے سائے تلے جلسے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق پنڈال کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ایک حصہ خواتین، دوسرا بزرگوں اور معذور افراد اور تیسرا عام لوگوں کیلئے بنایا گیا ہے، تین بڑی ٹی وی اسکرینیں بھی لگائی گئی ہیں، جبکہ سکیورٹی کی لئے انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے 1500 کارکن موجود ہوں گے۔ جلسے کیلئے 3 ایس پیز، 21 ڈی ایس پیز اور 26 ایس ایچ اوز سمیت پولیس کی 54 ریزرو فورس لگائی گئی ہے۔ جلسے میں آنے والوں کی میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیکنگ کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلسے کی نگرانی بھی کی جائے گی۔ دیگر ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام آج کراچی میں ریلی جبکہ لاہور میں تحریک انصاف کے جلسہ عام کی تیاریاں اختتامی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ متحدہ قومی مومنٹ کے تحت کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر آج ہونے والی استحکام جمہوریت ریلی کی تیاریاں اختتامی مراحل میں ہیں، جبکہ سیکورٹی کے لئے پولیس اور کمیونیٹی وارڈنز کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے زیراہتمام ایم اے جناح روڈ پر استحکام جمہوریت ریلی کا آغاز دوپہر دو بجے ہو گا، ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کا سلسلہ جاری رہے۔ شرکاء سے خطاب کے لئے تبت سینٹر پر اسٹیج بنایا گیا ہے۔ جلسہ گاہ اور اس کے اطراف بڑی تعداد میں پاکستان اور ایم کیو ایم کے پرچم لگائے گئے ہیں۔ ریلی کے شرکاء سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ٹیلے فونک خطاب کریں گے۔ استحکام جمہوریت ریلی میں پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ق، مسلم لیگ فنکشنل اور دیگر جماعتیں بھی شرکت کریں گی۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے کراچی میں دفعہ 144 کے تحت جلسے جلوس پر عائد پابندی دو دن کے لئے ختم کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں، ایم کیو ایم کی ریلی کے پیش نظر ایم اے جناح روڈ کو ملانے والی گلیوں کو قناتیں لگا کر بند کیا گیا ہے،جبکہ سیکورٹی انتظامات کے لئے پولیس اور کمیونیٹی وارڈنز کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ ...........

/169